شیخ رشید کا 40 فیصد سے کم بکنگ والی مسافر ٹرینیں بند کرنے کا اعلان


 لاہور۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے 40 فیصد سے کم بکنگ والی مسافر ٹرینیں بند کرنے کا اعلان کر  دیا۔

ریلوے ہیڈکوارٹر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس ٹرین کی 70 فیصد نشستوں کی بکنگ نہیں ہوگی وہ خسارے میں چلے گی، خسارے والی  ریل گاڑیاں چلانے سے ریلوے کا نقصان ہوتا ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ جو اسٹیشن آمدنی نہیں دے گا اس کو بھی ختم کر دیں گے تاکہ ریلوے کے خسارے پہ قابو پایا جاسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ایک ٹرین لیٹ ہوتی ہے تو اس سے باقی 138 ریل گاڑیاں متاثر ہوتی ہیں۔ ٹرینوں کا شیڈول متاثر تھا لیکن اب بہتری آ رہی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ  پاکستان ریلوے کی اٹھارہ  ارب روپے کی آمدنی  مال بردار ٹرینوں سے ہے، فریٹ اینڈ لینڈ ٹرین نئے بجٹ میں ہمارا ہدف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کی کارکردی بہتر کرنے اور نئی  پٹڑی بچھانے کے لیے ایم ایل ون  پر اکتوبر میں دستخط ہونگے۔ اقتصادی رابطہ کونسل کی رابطہ کمیٹی (ایکنیک) نے پہلے ہی ایم ایل ون  کی منظوری دے دی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے کے چیف ایگزیگٹو آفیسر کی خالی اسامی کو پر کرنے کی سمری بیجھی جاچکی ہے، جو سینیئر ہوگا وہی سی ای او ہوگا۔ پہلے دوسرے محکموں سے بندے ریلوے میں نہیں آسکتے تھے لیکن اب آسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  وہ تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان ریلوے میں سیاست اور گروپ بندی ختم نہیں کرا سکے

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انڈیا کی طرف سے جو ظلم و ستم، آگ اور خون کی ہولی کشمیر میں شروع  کی گئی ہے ہم وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں کیس لڑ رہے ہیں۔

کشمیر کی حد تک پاکستان کی تمام پارٹیاں ایک پلیٹ فارم پر ہیں۔ انڈیا سے ابھی کسی قسم کی بات چیت یا ڈیل نہیں ہو رہی۔

متوقع اسلام آباد لاک ڈاؤن کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اسلام آباد آ جائیں ان کا ساتھ مسلم لیگ نواز دے گی اور نہ ہی پاکستان پیپلز پارٹی۔دینی مدارس والے بھی مولانا فضل الرحمان کے ساتھ نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید کی جنوبی کوریا کو ریلوے میں سرمایہ کاری کی پشکش

میں نے مولانا صاحب سے کہا ہے کہ ابھی آنے کی اتنی جلدی نہ کریں۔ میں اسلام آباد کو لاک ڈاؤن ہوتے نہیں دیکھ رہا ہوں۔مولانا فضل الرحمان اب سنجیدگی سے سوچیں گے کہ  احتجاج کو ڈھیل دینی ہے، دینی مدرسے سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاست بدل رہی ہے، شہباز شریف دوبارہ سیاست میں ان ہو رہے ہیں۔ موسم کے ساتھ سیاست بدل رہی ہے، شہباز شریف بھتیجی اور بھائی کے درمیان بہتر پوزیشن میں آگئے ہیں۔

شیخ رشید نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کہیں نہیں جا رہے ہیں۔ عمران خان نے مجھ سے کہا کہ شیخ رشید تمہیں بتا دوں میں عثمان بزدار کے ساتھ کھڑا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں صوبے کی سیاست نہیں کرتا البتہ کچھ دنوں میں مرکز میں کچھ تبدیلی ہو نے جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں مرکز راج، گورنر راج کی کوئی بات نہیں ہوئی، کراچی کے حوالے سے آرٹیکل 149 ابھی  کابینہ میں نہیں آیا، بلاول ابھی بچہ ہے،

انہوں نے کہا کہ چار وزیراعظم جیل جانے کے قریب ہیں یا جیل کے اندر ہیں۔


متعلقہ خبریں