پنجاب پولیس کا کارنامہ، ولائتی شراب دیسی شراب میں تبدیل

فوٹو: فائل


لاہور: پنجاب پولیس نے اپنے جادوئی کمالات کے ذریعے برآمد ہونے والی ولائتی شراب کو دیسی شراب میں بدل دیا۔

پنجاب پولیس کے جادوئی کمالات ابھی ختم نہیں ہوئے۔ کبھی بدترین تشدد کر کے بے گناہوں کو موت کے منہ میں دھکیل دیا جاتا ہے تو کبھی پکڑا جانے والا لاکھوں روپے مالیت کا سامان غائب کر دیا جاتا ہے۔

ہفتہ کو بھی پنجاب پولیس کا ایک اور کارنامہ سامنے آ گیا۔ لاہور کی ڈیفنس اے پولیس نے یکم ستمبر کو پکڑی جانے والے ولائتی شراب کو ایف آئی آر میں دیسی شراب بنا کر عدالت کے سامنے پیش کیا۔

ملزم جاوید نے حقیقت معلوم ہونے پر سی سی پی او لاہور کو اے ایس آئی اشتیاق اور اہلکار مشتاق کے خلاف درخواست دے دی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پولیس نے میری گاڑی سے ساڑھے 4 لاکھ روپے مالیت کی ولائتی شراب کی 28 بوتلیں برآمد کی تھیں لیکن جب مجھے گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا تو معلوم ہوا کہ ایف آئی آر میں دیسی شراب کی بوتلیں لکھا گیا ہے۔

ملزم جاوید کے مطابق پولیس اہلکاروں نے میری تلاشی کے دوران 32 ہزار روپے بھی لے لیے تھے جو واپس نہیں کیے گئے۔

درخواست گزار نے سی سی پی او اور آئی جی پنجاب سے اپیل کی ہے کہ مذکورہ پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں پنجاب پولیس کا ایک اور کارنامہ، کرنٹ لگانے سمیت خاتون پر بدترین تشدد

لاپور پولیس نے ملزم جاوید سے یکم ستمبر کو ولائتی شراب برآمد کی تھی لیکن تھانے میں 60 لیٹر دیسی شراب کا پرچہ درج کرایا گیا۔ ملزم جاوید کے مطابق اے ایس آئی اشتیاق احمد نے اہلکار مشتاق ہمراہ یکم ستمبر کو گاڑی اور ولائتی شراب سمیت گرفتار کیا تھا۔


متعلقہ خبریں