نواز شریف کو سزا سنانے والے جج ارشد ملک کو او ایس ڈی بنادیا گیا

جج ویڈیو کیس، ارشد ملک نے اپنی برطرفی کو چیلنج کر دیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سزا سنانے والے سابق جج احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ارشد ملک کو او ایس ڈی بنادیا گیاہے۔ 

رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ نے چیف جسٹس ہائی کورٹ جسٹس سردار شمیم خان کی منظوری کے بعدجج ارشد ملک کو او ایس ڈی بنائے جانے کا  نوٹیفکیشن جاری  کردیا گیاہے۔

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں جج ارشد ملک کے خلاف مبینہ ویڈیو اسکینڈل پر کارروائی کیلئے  چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار محمد شمیم خان  کی زیر صدارت  انتظامی کمیٹی کا اجلاس 26اگست کو   ہوا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ کی انتظامی کیمٹی  کے اجلاس میں سینیئر جج جسٹس مامون رشید شیخ، جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس امیر بھٹی اور جسٹس ملک شہزاد احمد خاں نے شرکت کی ۔

اجلاس میں جج ارشد ملک  سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر بھی غور کے ساتھ ساتھ  ویڈیو کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کرانےکے حوالے سے بھی  تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔

واضح رہےکہ مسلم لیگ (ن) نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں مبینہ طور پر یہ بتایا گیا کہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو سابق وزیراعظم نوازشریف کو سزا سنانے کے لیے بلیک میل کیا گیا اور ان پر دباؤڈالا گیا۔

تاہم جج ارشد ملک نے ویڈیو جاری ہونے کے بعد ایک پریس ریلیز کے ذریعے اپنے اوپر عائد الزامات کی تردید کی تھی۔

لاہور ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی نے26اگست کے اجلاس میں کیا فیصلہ کیا اس کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں تھیں۔

یہ بھی پڑھیے: احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو واپس لاہور ہائیکورٹ بھیج دیا گیا

 


متعلقہ خبریں