ٹرمپ نے سعودی عرب کی سلامتی و استحکام میں مدد کی پیشکش کردی

ٹرمپ نے سعودی عرب کی سلامتی و استحکام میں مدد کی پیشکش کردی

ریاض: امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کو پیشکش کی ہے کہ وہ اس کی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مدد دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے یہ پیشکش سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک بات چیت میں کی۔

امریکی صدر نے ٹیلی فونک بات چیت سعودی عرب میں تیل کی دو تنصیبات پر ہونے والے ڈرون حملوں کے بعد کی۔

سعودی عرب کی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی صدر کی جانب سے کی جانے والی پیشکش کے جواب میں کہا کہ مملکت اس طرح کی دہشت گردانہ حارحیت سے نمٹنے کی پوری صلاحیت اور عزم رکھتی ہے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی آرامکو کی تیل کی دو تنصیبات کو ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے نے سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایا کہ ہفتہ کی علی الصبح چار بجے کے قریب ڈرون حملوں کے نتیجے میں دو تنصیبات میں آگ لگ گئی تھی جن پر قابو پا لیا گیا۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جن دو تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ان میں سے ایک ملک کے مشرقی علاقے الدمام شہر کے قریب بقیق میں واقع ہے جب کہ دوسرے ہجرہ خریص آئل فیلڈ میں ہے۔


متعلقہ خبریں