اسلام آباد لاک ڈاؤن: ‎شہباز شریف، فضل الرحمان میں اہم ملاقات آج ہوگی


لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور  جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اہم ملاقات آج ہوگی۔

ترجمان مسلم لیگ نواز مریم اورنگزیب کے مطابق ‎ملاقات آج شام 7 بجے لاہور میں شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور اہم قومی امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‎اکتوبر میں مولانا فضل الرحمان کے اسلام آباد کے لاک ڈاؤن کے حوالے سے بھی بات ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ‎مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر بھی مشاورت ہوگی۔

گزشتہ ہفتے مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو لانگ مارچ کی حمایت کا پیغام پہنچا دیا ہے۔

کچھ روز قبل ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ لاک ڈاؤن  کے حوالے سے جے یو آئی (ف) نے حکمت عملی تیار کرلی جس کے مطابق ہر ضلع سے 200 سے زائد رضاکار تیار کئے جائیں گے۔

دس ہزار رضاکاروں کو دھرنے سے قبل ہی اسلام آباد پہنچا دیا جائے گا جبکہ پہلے سے موجود رضاکار دھرنے کی سیکیورٹی اور دیگر انتظامات پر مامور ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق مختلف مقامات سے نکلنے والے قافلے روکے جانے کی صورت میں ان ہی مقامات پر دھرنے دیے جائیں گے۔

مقامی قیادت کو دیگر جماعتوں کا انتظار کئے بغیر تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں