پنجاب کابینہ میں اراکین کی تعداد 46 ہوگئی


لاہور: پنجاب کابینہ کی تعداد تاریخ کی ریکارڈ ترین سطح پر پہنچ گئی اور اس نے سابق ادوار کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی کابینہ میں اراکین کی تعداد 46 ہو گئی۔

ملک اسد کھوکھر کے بطور وزیر کا حلف اٹھانے کے بعد وزراء کی تعداد 36 ہوگئی۔

ذرائع نے بتایا کہ کابینہ میں وزیر اعلیٰ کے پانچ خصوصی مشیر بھی شامل ہیں۔

عون چوہدری کو ہٹھانے کے بعد آصف محمود کو مشیر تعینات کیا گیا جبکہ تاحال وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان کی تعیناتی عمل میں  نہیں لائی جاسکی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان بھی مشیر کے اختیارات استعمال کرتے ہیں۔

دوسری جانب حزب اختلاف نے کابینہ کی تعداد میں اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ن لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ہمارے دور میں 38 کابینہ اراکین پر اعتراض کیا جاتا تھا اور اب پنجاب میں ’جہازی سائز‘ کی کابینہ ہے مگر کام کچھ نہیں۔


متعلقہ خبریں