عمران خان سمیت19 پاکستانی بااثر مسلم شخصیات میں شامل

عمران خان سمیت19 پاکستانی بااثر مسلم شخصیات میں شامل

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سمیت پاکستان سے تعلق رکھنے والے19 افراد کو 500 سو با اثر مسلم شخصیات میں شامل کیا گیا ہے۔

اردن کے شاہی تعلیمی مرکز کی جانب سے 500 با اثر مسلم شخصیات کی فہرست شائع کی گئی ہے جس میں مولاناتقی عثمانی، مولانا طارق جمیل اور جاوید احمد غامدی بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم عمران خان اس فہرست میں 29ویں، مولانا تقی عثمانی چھٹے اور مولانا طارق جمیل 40 ویں نمبر پر ہیں۔

پاکستان کی طرف  سے ڈاکٹر قدیر خان، ڈاکٹر عرفان صدیقی اور ڈاکٹر عطا الرحمان کے نام بھی فہرست میں درج ہیں۔

عمران خان کے متعلق درج ہے کہ انہوں نے اقتدار میں آنے کے بعد بدعنوانی کے خلاف سخت اقدامات کیے اور حکومتی اخراجات میں کفایت شعاری اپنائی۔

وزیراعظم کی 22 سالہ سیاسی جدوجہد، کرکٹ میں کامیابیوں، شوکت خانم اسپتال اور تعلیم کے لیے بنائی گئی یونیورسٹی کا کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔

پاکستان کے مقبول ترین مذہبی عالم مولانا طارق جمیل بھی اس فہرست میں شامل ہیں جنہوں نے پوری دنیا میں اسلام کی تبلیغ کی اور لیکچرز دیے۔

دیگر پاکستانیوں میں سابق وزیراعظم نوازشریف، جمیعت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، ڈاکٹر فرحت ہاشمی، ڈاکٹرطاہر القادری، جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق، جاوید غامدی، بلقیس ایدھی، منیبہ مزاری، شرمین عبید چنائی، ملالہ یوسفزئی، مولانا الیاس عطاری اورعابدہ پروین شامل ہیں۔

ترکی کے صدر رجب طیب اردوان اس فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں جب کہ سعودی عرب کے سلمان بن عبد العزیز، اردن کے بادشاہ عبداللہ دوئم، ایران کے مذہبی رہنما علی خامنہ ای کو بھی بااثر مسلم شخصیات رکھا گیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں