ملک بھر میں ڈینگی بے قابو، جڑواں شہروں میں تعداد 3 ہزار سے تجاوز

کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 255 نئے کیسز رپورٹ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: ملک بھر میں ڈینگی کی وبا شدت اختیار کر گئی۔ جڑواں شہروں میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

جڑواں شہروں میں ڈینگی کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں مجموعی طور پر 600 سے زائد مریضوں کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد ایک ہزار 300 سے تجاوز کر گئی۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ہیلتھ سروسز ڈاکٹر حسن عروج نے تمام عملہ کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے تمام عملہ کو دفتر طلب کر لیا۔

ڈاکٹر حسن عروج کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے تمام شہری علاقوں کا کنٹرول ہمارے پاس ہے جبکہ سخت مانیٹرنگ اور سرویلینس کی جا رہی ہے۔ ہمارے پاس فنڈز کی کمی کا سامنا ہے اور گزشتہ سال کا اسٹاک استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ پانی کو کسی جگہ کھڑا نہ ہونے دیں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ بچوں اور بزرگ افراد پر ڈینگی زیادہ جلدی اثر انداز ہوتا ہے۔

اسلام آباد کے پمز اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق ڈینگی کے 3 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے ایک ہزار میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی۔ پمز میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 40 نئے مریض لائے گئے جبکہ روزانہ 200 سے 400 مریض او پی ڈی میں لائے جا رہے ہیں۔

پولی کلینک میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 45 اور فیڈرل اسپتال چک شہزاد میں یہ تعداد 60 تک پہنچ گئی ہے۔

راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 75 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے اور ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 ہزار 84 سے تجاوز کر گئی۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق راولپنڈی میں اب تک خاتون سمیت دو افراد ڈینگی سے جاں بحق ہو چکے ہیں، مریضوں کی زیادہ تعداد ہولی فیملی، بے نظیر بھٹو اسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال میں لائی جا رہی ہے۔

لاہور میں بھی ڈینگی کی وبا موجود ہے، ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) لاہور کے مطابق رواں سال ڈینگی کے 35 مریض مختلف اسپتالوں میں لائے گئے۔ چلڈرن اسپتال، نیشنل اسپتال اور سروسز اسپتال میں اب بھی ڈینگی سے متاثرہ مریض داخل ہیں۔

ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے 16 ستمبر سے شہر میں انسداد ڈینگی مہم بھرپور انداز میں چلانے کا اعلان کر دیا۔ جس میں آگاہی پروگرامز، سیمینارز اور واکس کا اہتمام کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریضوں میں اضافہ: وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144نافذ

خیبر پختونخوا (کے پی) میں بھی ڈینگی تشویشناک صورتحال اختیار کر گیا ہے اور ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار 189 تک پہنچ گئی۔

صوبائی محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 98 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس میں سب سے زیادہ تعداد پشاور کی ہے جہاں 55 نئے مریض مختلف اسپتالوں میں لائے گئے۔

رواں سال کراچی سمیت سندھ بھر میں ڈینگی سے متاثرہ 1500 افراد کو مختلف اسپتالوں میں لایا گیا جبکہ رواں سال ڈینگی سے 7 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں