مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے آخری حد تک جائیں گے، شاہ محمود


ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے آخری حد تک جائیں گے جبکہ بھارت کشمیر کے مسئلہ پر تقسیم ہو چکا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی کیا تم میں اتنی ہمت ہے کہ کرفیو اٹھا کر سرینگر میں جلسہ کرو ؟ پاکستان نے سب مسائل سے پس پشت ڈال کر کشمیر کے مسئلہ کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا کشمیر کے مسئلہ پر اکیلے ہی کیوں نہ رہ جائیں آخری حد تک لڑیں گے۔ مسئلہ کشمیر پر قوم کو یک زبان ہو کر کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم پوری طرح سے بیدار ہیں جب بھارتی طیاروں نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تو پاک فوج نے بھارتی طیارے مار گئے جبکہ باقی بھاگ گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ  دنیا کہہ رہی ہے بھارت کے یہ اقدامات بین الااقومی قوانین کے منافی ہیں جبکہ بھارتی سپریم کورٹ میں ہی کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف 14 پٹیشنز دائر کی جا چکی ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 10 لاکھ بھارتی فوج کے سامنے کشمیر کی عوام سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کے کھڑی ہے اور مودی کی سوچ پوری دنیا کو اپنا اصلی چہرہ دکھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو بین الاقوامی میڈیا کبھی پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتا تھا آج بھارت پر انگلیاں اٹھا رہا ہے۔ انشااللہ ایک دن کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں کشمیر میں کرفیو کا 42 واں دن: امریکی صدارتی امیدواران بھی بول پڑے

ملکی حالات پر بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی سوچ عوام کی خدمت کرنا ہے۔ کوئی سوچ نہیں سکتا تھا پنجاب میں پیپلز پارٹی کو زوال اور مسلم لیگ ن کو شکست ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ملکی معیشت مشکل حالات میں ملی تھی تاہم اسے بہتر کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔


متعلقہ خبریں