وفاق کا تحفظ اور غیرجمہوری طاقتوں کا مقابلہ کرنا پڑے گا ،بلاول بھٹو



لاڑکانہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ سندھ کا دارالحکومت الگ کرنا چاہتے ہیں اور وفاق آج بھی خطرے میں ہے۔

گڑھی خدا بخش بھٹو میں ورکرز کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عوام کے معاشی حقوق پر کٹھ پتلی حکومت کے وار جاری ہیں۔

بلاول نے کہا کہ میںغیر جمہوری قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے نکلا ہوں اور مجھے عوام کی مدد کی ضرورت ہے۔

پیپلزپارٹی چیئرمین کا کہنا تھا کہ یہ ہماری حکومت اور ممبران کو توڑنے کی گزشتہ ایک سال سے کوشش کررہے ہیں لیکن آج تک ناکام ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے عوام اور صوبوں کو اختیار دلوایا، آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ملک کو بچایا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اورایم کیو ایم کا کٹھ پتلی اتحاد کراچی پر قبضہ کرنا چاہتا ہے لیکن ہم  خبردارکرتے ہیں غیرجمہوری رویوں کی وجہ سے وفاق کو نقصان ہوسکتا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ صوبوں کو معاشی حق نہیں دیا جا رہا اور وفاق کی ناکامی کی وجہ سے صوبے دیوالیہ ہورہے ہیں۔

پیپلزپارٹی سربراہ کا کہنا تھا کہ جی ڈی اے، ایم کیو ایم اور دیگر سندھ کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں، وہ سمجھتے ہیں ہماری قیادت پر دبائو اور جیل میں ڈال کر سندھ پر قبضہ کرسکتے ہیں لیکن پی پی پی ان کے سامنے دیوار کی طرح کھڑی رہے گی۔

چیئرمین کا کہنا تھا کہ مضبوط حکومت کو گرانے کا کوئی آئینی طریقہ نہیں ہے اور وفاق قیادت پر کیسز ڈال کر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن ہم غیر جمہوری قوتوں اور کٹھ پتلی حکومت کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاق صوبوں کے ساتھ ناانصافی کر رہا ہے، ہمیں غیر جمہوری قوتوں کا مقابلہ اور وفاق کو بچانا پڑے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صوبے کے وسائل پر ڈاکا ڈالا جارہا ہے اور عوام کے حقوق خطرے میں ہیں۔


متعلقہ خبریں