بلااشتعال بھارتی گولہ باری سے شہری شہید، تین زخمی


راولپنڈی: کشمیر میں طویل عرصے سے قابض بھارتی فوج کی گولہ باری سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ایک شہری شہید اور تین زخمی ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری تفصیل کے مطابق انڈین فوج نے آزاد کشمیر کے ”تھرٹی نڑ گاؤں” پر گولہ باری کی ہے۔ پاکستانی سرحدی فورسز نے جوابی کارروائی میں انڈین پوسٹ کو نشانہ بنایا ہے۔

بھارتی فوج کی بلااشتعال گولہ باری میں شہید ہونے والے شہری کی شناخت محمد فاروق کے نام سے ہوئی ہے۔ انڈین فائرنگ میں تین شہری زخمی بھی ہوئے۔

بھارتی گولہ باری کے زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کواٹرز اسپتال (ٹی ایچ کیو) نکیال منتقل کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ چند ہفتوں کے دوران یہ چوتھا واقعہ ہے جس میں انڈین فوج کی جارحیت میں عام شہری نشانہ بنائے گئے ہیں۔ اس سے پہلے ہم عمر بچوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے آٹھ سالہ ایان کو ٹارگٹڈ فائر کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ ایل ااو سی پر کی گئی دو الگ الگ ٹارگٹڈ فائرنگز میں ایک مسافر وین کا ڈرائیور اور 19 سالہ نوجوان بھی شہید ہو چکے ہیں۔

بھارت کی جانب سے اکثر لائن آف کنٹرول کے علاوہ ورکنگ باؤنڈری پر موجود سول آبادی کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ پاکستانی دفترخارجہ نے کئی مرتبہ آبادی پردانستہ بھارتی حملوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اسے بنیادی انسانی حقوق اور اقدار کی خلاف ورزی قراد دیا ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق رواں برس کے ابتدائی دو ماہ میں بھارت 391 سےز ائد مرتبہ سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔ اس دوران 16 عام شہری شہید جب کہ 65 زخمی ہوئے۔


متعلقہ خبریں