بھارت نے بلوچستان کو یرغمال بنایا ہوا ہے، جمعہ مری بلوچ


ماسکو: سابق علیحدگی پسند بلوچ رہنما جمعہ مری بلوچ کا کہنا ہے کہ بھارت نے بلوچستان کی جدوجہد کو یرغمال بنا لیا ہے۔

انہوں نے ماسکو میں پاکستانی یونٹی ڈے میں شرکت کے دوران روسی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے لیے ہر کوئی میری کاوشوں اور جدوجہد سے واقف ہے۔ میرا مقصد حیات بلوچستان کے حقوق کی جنگ رہا۔ جس کے لیے میں نے دنیا بھرمیں پاکستان مخالف کانفرنسسز اور سمینارز میں شرکت بھی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کےعلاوہ کسی بین الاقوامی میڈیا کی جانب سے بلوچستان کے مسئلے کو کوریج نہیں دی جاتی۔ دراصل بھارتی ایجنسیاں ان چینلز کو وہاں موجود اپنے بھارتی ایجنٹ (جو بطور بلوچ جنگجو یا علیحدگی پسند کی حیثیت سے سرگرم ہیں) کی کوریج کا معاوضہ دیتی ہیں۔ جب کے ان جنگجوؤں کو بھی بھارتی جاسوس ایجنسیاں پیسے دیتی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بلوچستان میں حالات خراب کرنے کا بھارتی مقصد مقبوضہ کشمیرکی آزادی اور حق خودارادایت کی آواز کو دبانا ہے۔

جمعہ مری نے مزید کہا کہ”میں دعویٰ سے کہہ سکتا ہوں کہ اگر پاکستان بھارت کو مقبوضہ کشمیرکی مدد نہ کرنے کا تھوڑا سا اشارہ بھی دے دے تو دوسرے روز سے ہی بھارتی ایجنسیاں بلوچستان سےغائب ہوجائیں یا بلوچوں کو سیوریج کی لائنوں میں ڈال دیں۔”

انہوں نے اپنے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ” آزاد بلوچستان کا جھنڈا بھی میں نے ہی تیار کیا تھا جس کے بارے میں پوری دنیا جانتی ہے۔ میں نے بلوچستان کی آزادی اور حقوق کی خاطر اپنا گھر، خاندان اور پاکستان سب چھوڑ دیا اور جلا وطنی کی زندگی گزار رہا ہوں۔”

جمعہ مری بلوچ بلوچستان کے ایک سخت گیر علیحدگی پسند رہنما کے طور پر مشہور رہے ہیں تاہم کچھ عرصے قبل انہوں نے پاکستان مخالف جدوجہد ترک کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔


متعلقہ خبریں