انگلستان میں ‘امریکہ‘ چوری ہو گیا


سونے کی اشیاء کی کھو جانے کا ڈر تو ہمیشہ ہی سب کو رہتا ہے مگر اس بار انگلستان میں ایک انوکھی چوری ہوئی جس میں چور سونے کا امریکہ لے اڑے۔

ہوا کچھ یوں کہ سونے کا ٹوائلٹ جسے ’امریکہ‘ کا نام دیا گیا تھا، انگلستان کے بلینہِم محل میں نمائش کے لیے رکھا گیا اور وہاں سے چوری ہو گیا۔

بلینہِم محل کی انتظامیہ نے چوری کی تصدیق سماجی رابطوں کی ایپلیکیشن ٹوئٹر پر ایک پیغام شیئر کر کے کی۔

14 ستمبر کو شیئر کی گئے پیغام میں بلینہم انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہم اسبات کی تصدیق کرتے ہیں کہ معروف آرٹسٹ ماؤریزو کیٹلان کا بنایا گیا آرٹ کا نمونہ ’امریکہ‘ صبح کے اوقات میں چوری ہو گیا ہے۔‘

’ہم اس غیر معمولی حرکت کی وجہ سے دکھی ہیں مگر ساتھ ہی اس بات کا اطیمنان ہے کہ اس سارے معاملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔‘

سونے کے بنے ہوئے اس ٹوائلٹ کو 18 قیراط کے خالص سونے سے بنایا گیا تھا اور اس کی مالیت 10 لاکھ ڈالر سے بھی زیادہ ہے۔

اس ٹوائلٹ کی خاص بات یہ ہے کہ عوام اسے استعمال بھی کر سکتے ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی یہ ٹوائلٹ استعمال کرنے کی دعوت دی گئی تھی۔

چونکہ سونے کا یہ ٹوائلٹ عام ٹوائلٹ کی طرز پر ہی بنایا گیا تھا اور اسی طرح استعمال کیا جاتا تھا تو اس کو چوری کرنے کے عمل میں خاصی توڑ پھوڑ کی گئی جس کی وجہ سے کافی نقصان اور سیلاب جیسے حالات کا سامنا کرنا پڑا۔

اس چوری کی پاداش میں ایک 60 سالہ شخص کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ اس شخص کی گرفتاری مبینہ طور پر امریکہ چوری کرنے کی واردات میں شامل ہونے پر کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں