علیم خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ

فائل فوٹو۔–


اسلام آباد:  انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عبدالعلیم خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے انہیں 30 ستمبر کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق علیم خان کے وکیل شاہد نسیم گوندل راجہ جواد عباس کی عدالت میں پیش ہوئے۔

اس دوران دلائل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ غلطی سے گزشتہ سماعت پر حاضری سے استشنیٰ کی درخواست دائر نہ کر سکا۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے عدم حاضری پر علیم خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

یاد رہے گزشتہ سماعت میں انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے سرکاری ٹیلی ویژن چینل (پی ٹی وی) اور پارلیمنٹ حملہ کیس کی سماعت کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک، اسد عمر، وزیر تعلیم شفقت محمود کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کر لی تھیں۔

عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما جہانگیر ترین اور سیف اللہ نیازی کی حاضری سےاستثنیٰ کی درخواستیں بھی منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی تھی۔

واضح رہے کہ پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیسں میں وزیر اعظم عمران خان نے پہلے ہی حاضری سے مستقل استثنیٰ لے رکھا ہے۔

تحریک انصاف نے سال 2014 میں اسلام آباد کے ڈی چوک پر نواز حکومت کے خلاف 126 روزہ دھرنا دیا تھا جس میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان بھی شامل تھے۔ اس دوران دھرنے کے شرکا نے وزیر اعظم ہاؤس میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی جس سے پارلیمنٹ ہاؤس کے دروازے کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

یہ بھی پڑھیں ایس ایس پی تشدد کیس میں عمران خان بری

شاہراہ دستور پر تعینات پولیس اہلکاروں اور مظاہرین میں جھڑپ بھی ہوئی تھی جس میں مظاہرین نے ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو کو حملہ کر کے زخمی کر دیا تھا۔

اسلام آباد پولیس نے ان تمام واقعات کے مقدمات عمران خان، طاہر القادری، عارف علوی، اسد عمر، شاہ محمود قریشی، شفقت محمود اور راجہ خرم نواز گنڈاپور سمیت دیگر کے خلاف درج کیے جن میں انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئیں تاہم مئی 2018 میں عمران خان کو ایس ایس پی حملہ کیس میں بری کر دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں