مگر مچھ اور اژدھا رکھنے کا معاملہ، رابی پیرزادہ عدالت طلب

رابی پیرزادہ کے وارنٹ گرفتاری جاری

لاہور: غیر قانونی طور پر مگر مچھ اور اژدھا رکھنے پر عدالت نے اداکارہ رابی پیرزادہ کو 27 ستمبر کو طلب کرلیا۔

ہم نیوز کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ حارث صدیقی نے اداکارہ کے سمن جاری کردیئے۔

وائلڈ لائف حکام نے 11 ستمبر کو اداکارہ کا چالان کیا تھا، ان پر غیر قانونی طور پر اژدھا، مگرمچھ اور سانپ رکھنے کا الزام ہے۔

محکمہ وائلڈ لائف نے اداکارہ کی اژدھا اور مگرمچھ کے ساتھ ویڈیو اور تصاویر دیکھ کر چالان کیا تھا۔

اداکارہ نے اپنی ویڈیو میں اعتراف کیا تھا کہ وہ پانچ سال سے ان سے کھیل رہی ہیں۔

رابی پیرزادہ کا یہ بھی مؤقف ہے کہ سانپ، مگرمچھ اور اژدھا ان کی ملکیت نہیں ہے۔

وائلڈ لائف حکام کا موقف ہے کہ اداکارہ عدالت کو بتائیں کہ یہ حشرات کس کے ہیں۔

دوسری جانب رابی پیرزادہ نے سانپ، اژدھے اور مگر مچھ رکھنے پر وائلڈ لائف کی جانب سے ملنے والے چالان کی تردید کردی ہے۔

رابی پیرزادہ کا کہنا ہے کہ میڈیا سے پتہ چلا کہ محکمہ وائلڈ لائف نے کوئی چالان جاری کیا ہے۔

پاکستانی اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرے خلاف پراپیگنڈہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف بیان دینے پر ہوا۔

انہوں نے کہا کہ میرے پاس ابھی کوئی سانپ، ازدھے یا مگر مچھ نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے پارلر میں سانپ رکھے ہوئے تھے تاہم اسے بند ہوئے چار ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ میرے پارلر پر آج تک وائلڈ لائف کی کوئی ٹیم نہیں آئی۔


متعلقہ خبریں