شہباز شریف کی نواز شریف اور حمزہ شہباز سے جیل میں خصوصی ملاقات


لاہور:قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی اور سابق وزیراعلی پنجاب شہبا زشریف نے پاکستان مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد سابق وزیرا عظم نواز شریف سے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں خلاف توقع خصوصی ملاقات کی ہے۔ 

ذرائع کا کہناہے کہ کوٹ لکھپت جیل میں قیدیوں سے ملاقات کا دن جمعرات مقرر ہے ۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہبازسے ملاقات کیلئے شہباز شریف کو خصوصی اجازت دی ہے ۔

شہباز شریف نے نواز شریف کے بعد حمزہ شہباز سے بھی ملاقات کی ہے ۔ملاقات کےدوران  شریف خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے ۔

سابق وزیراعلی پنجاب کی نوا زشریف سے کیا گفتگو ہوئی تاحال اس بارے معلومات سامنے نہیں آئیں۔ تاہم ذرائع کے مطابق ملکی سیاسی صورتحال اور گزشتہ روز جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی ملاقات موضوع بحث رہی ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل شہبا زشریف کے اپنے بھائی نواز شریف سے 12ستمبر کو ملاقات ہوئی تھی ۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی طرف سے اعلان کردہ دھرنے میں شرکت سمیت دیگر سیاسی امور پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف نے شہبازشریف کو مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں شرکت سے متعلق فیصلہ پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کی تجویز پر نوازشریف سے مشاورت کی۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد خاقان عباسی کا نواز شریف کو کوئی خط نہیں پہنچایا گیا،خواجہ آصف

نوازشریف نے دھرنے کے معاملے پر جلد بازی میں فیصلہ نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم موڑ پر پارٹی رہنماؤں کو اعتماد میں لیا جائے۔

ذرائع کے مطابق ڈیل کی افواہوں پر نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے اس وقت ڈیل نہ کی جب ان کی اہلیہ بستر مرگ پر تھیں،اب کیسے کرسکتے ہیں؟

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ وہ اپنے ووٹ کو عزت دو کے بیانیے میں سُرخرو ہوں گے۔

شہباز شریف نے مریم نواز اور حمزہ شہباز سمیت تمام خاندان کے دیگر افراد کے کیسز کے حوالے سے بھی نواز شریف کو آگاہ کیا۔

 


متعلقہ خبریں