غیرت کے نام پر گھریلو تشدد، شوہر نے بیوی کی ناک کاٹ دی


لاہور: پنجاب کے سب سے بڑے اور مرکزی شہر لاہور میں غیرت کے نام پر شوہر نے اپنی بیوی کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔

واقعہ فیکٹری ایریا کے علاقہ پنجاب سوسائیٹی میں پیش آیا جہاں ملزم نے اپنی بیوی کے بال اور ناک کاٹ دی جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

لاہور پولیس کے مطابق ہمسایوں کی اطلاع پر کارروائی کی گئی اور ملزم کیخلاف بیوی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ابتدائی طور پر شوہر نے بتایا کہ اس نے اپنی بیوی کو غیرت کے نام پر تشدد کا نشانہ بنایا تاہم پولیس مزید تفتیش اور بیوی کا موقف جاننے کے بعد ہی کسی نتیجے پر پہنچ سکے گی۔

پولیس کے مطابق 30 سالہ(ش) چھ بچوں کی ماں ہے جس کا جنرل اسپتال میں علاج جاری ہے۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون کو ابتدائی طبی امداد فراہم کردی گئی ہے تاہم کچھ ٹیسٹ ہونا باقی ہیں جن کے بعد صحیح صورتحال کا اندازہ ہو سکے گا۔


متعلقہ خبریں