اسلام آباد کا بین الاقوامی سطح پر فیملی اسٹیشن ہونے کا درجہ بحال

دنیا نے پاکستان کا موقف تسلیم کیا

اسلام آباد: بارہ سال بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا بین الاقوامی سطح پر فیملی اسٹیشن ہونے کا درجہ بحال کر دیا گیا ہے۔

پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے اور اسی سلسلے میں پاکستان کو ایک اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

اقوام متحدہ (یو این) کے وفد نے وزیر داخلہ اعجاز شاہ سے ملاقات کی ہے جس میں اقوام متحدہ کی جانب سے اسلام آباد کی سیکیورٹی صورتحال پر اطیمنان کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت کا بین الاقوامی سطح پر فیملی اسٹیشن ہونے کا درجہ بحال کر دیا گیا ہے۔

یہ درجہ 2008 میں میریٹ پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں واپس لیا گیا تھا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ انصاف کی فراہمی عالمی سطح پر امن وامان کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے، اقوام متحدہ کا کردار عالمی امن کے قیام میں واضح ہونا چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کی عوام کے لئے انصاف کی آواز بلند کرنا سکیورٹی کونسل کی ذمہ داری ہے، میں امید کرتا ہوں کہ اقوام متحدہ عالمی برادری کو مایوس نہیں کر ے گا۔

وزیرداخلہ اعجاز احمد شاہ کی اقوام متحدہ کےوفد سے ملاقات کے دوران آئی جی (انسپکٹر جنرل) اسلام آباد بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کو سراہا جب کہ آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ اعجاز احمد شاہ کی تجویز کردہ پالیسی کی وجہ سے اسلام آباد کی صورتحال اور ماحول میں واضح بہتری آئی ہے۔

اعجاز احمد شاہ کا کہنا تھا کہ غیر ملکی حکام کے این او سی کے حصول کو آسان بنانے کے پالیسی زیر غور ہے۔ ساتھ ہی ساتھ سیاحت کے فروغ اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کام جاری ہے۔


متعلقہ خبریں