پارلیمان کی عزت و تکریم سب اداروں پر لازم ہے، این ڈی یو افسران

صدارتی انتخاب

اسلام آباد: نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو)کے افسران نے کہا ہے کہ پارلیمان قانون سازی کا منبع اور ملک کا سپریم ادارہ ہے،اس کی عزت و تکریم سب اداروں پر لازم ہے۔ 

انہوں نے  یہ بات این ڈی یو کے سربراہ میجر جنرل عنایت حسین کی سربراہی میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کے دوران پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں کیا۔

اس موقع پر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو )میں زیر تربیت ملکی اور غیر ملکی سول و عسکری افسران کا گروپ بھی ان کے ہمراہ تھا۔

ملاقات کے دوران اسپیکرقومی اسمبلی  نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں کو سراہا۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ مسلح افواج سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ملک میں تعلیم کی فروغ کے لیے بھی گراں قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے،این ڈی یو کا شمار دنیا کی بہترین جامعات میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی اعلیٰ تربیتی اور تعلیمی معیار کی بدلت نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی ایک منفرد مقام رکھتی ہے،پاکستان کی ترقی ہم سب کی ترقی ہے اس کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا،ملکی ترقی کی خاطر ہمیں انفرادی سوچ کے بجائے اجتماعی سوچ کو اپنانا ہو گا۔

اسد قیصر نے کہا کہ سرکاری ملازمین حکومتی ڈھانچے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے سرکاری ملازمین کو دیانتداری اور خلوص نیت کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دینا ہونگے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ زیر تربیت آفسران کا این ڈی یو سے تربیت حاصل کرنے کے بعد اُن کے اعتماد میں اضافہ ہو گا اور وہ زیادہ بہتر طریقے سے ملک اور قوم کی خدمت کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور درپیش چیلنجزسے نمٹنے کے لیے سب اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا، اپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی قائم کر کے ہم اپنی منزل مقصود تک پہنچ سکتے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اس موقع پر  مقبوضہ کشمیر میں 42روز سے جاری کرفیو کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کرفیو کے نفاذ سے مقبوضہ وادی میں عوام کے بنیادی حقوق کو سلب کیا گیا ہے،کوئی بھی جمہوری معاشرہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ وادی میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی حمایت نہیں کر سکتا۔

اسد قیصر نے کہا کہ بھارت سنگینوں کی چھاؤں میں زیادہ دیر کشمیر پر اپنا غاصبانہ جاری نہیں رکھا سکتا،مقبوضہ وادی میں جاری تحریک آزادی کا کامیابی سے ہمکنار ہونے کا وقت انتہائی قریب ہے،دنیا میں بھارت کا حقیقی چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے اور دنیا بھر میں کشمیر کے مظلوم عوام کے حق میں آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ سمیت تمام علاقائی و عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اقوم متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔

ایڈیشنل سیکرٹری قومی اسمبلی محمد مشتاق نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے شرکاء کو قومی اسمبلی اور اس کی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل اور کام کے طریق کارپر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

اس موقع پراین ڈی یو کے افسران نے کہا کہ  پارلیمان قانون سازی کا منبع اور ملک کا سپریم ادارہ ہے،اس کی عزت و تکریم سب اداروں پر لازم ہے۔


متعلقہ خبریں