میگا پروجیکٹ کا مقصد پیسے بنانا ہوتا ہے، عمران خان


اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ بیوروکریسی ایک مافیا بن چکی ہے، احد چیمہ کے کیس میں بڑے انکشافات ہوں گے۔

عمران خان نے بنی گالا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شریف برادران کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، کہتے ہیں کہ چھوٹا ڈان ڈر رہا ہے کہ اگر احد چیمہ نے منہ کھول دیا تو وہ پھنس جائے گا۔ یہ لوگ تین سو ارب روپے ملک سے باہر بھیج چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیوروکریٹ کا کام شریف خاندان اور وزیروں کی ملازمت کرنا نہیں، ان کی ذمہ داری ریاست کے لیے کام کرنا ہوتا ہے۔

عمران خان نے الزام لگایا کہ میگا پروجیکٹ بنانے کا مقصد پیسہ بنانا ہوتا ہے۔ شہباز شریف نے نو سالوں میں نو ہزار ارب روپے پنجاب میں خرچ کیے ہیں۔ لاہور میٹرو بس ڈھائی ارب روپے کے خسارے میں چل رہی ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران کپتان نے نیب سے میٹروپروجیکٹ کے تمام مقدمات کھولنے کا مطالبہ کردیا۔

پی ٹی آئی سربراہ نے الزام لگایا کہ احد چیمہ شہباز شریف کا فرنٹ مین ہے، یہ وہ طوطا ہے جس میں وزیراعلی پنجاب کی جان ہے۔ احد چیمہ کو اربوں روپے کے پلاٹ دیئے گئے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے پانامہ کیس میں رولنگ دی تھی کہ سارے ادارے وزیراعظم کی وجہ سے مفلوج ہوچکے ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ فواد حسن فواد اور آفتاب سلطان بیورو کریٹس کے گارڈ فادر ہیں جب کہ آفتاب سلطان تو شریف خاندان کے ذاتی ملازم ہیں۔ سابق چیئرمین نیب قمرالزمان چوہدری نے حدیبہ پیپر ملز میں شہباز شریف کی مدد کی تھی۔


متعلقہ خبریں