ملک بھر میں ڈینگی وائرس کی شکایت لیکر ہزاروں مریض اسپتال پہنچ گئے


اسلام آباد: ملک میں ڈینگی وائرس کی شکایت لیکر ہزاروں افراد نے اسپتالوں کا رُخ کیا ہے،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں ڈینگی وائر دو مزید جانیں لے گیا جس کےبعد شہرمیں ڈینگی سے جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی  ہے۔

محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آج جڑواں شہروں میں 147، ملتان میں ڈینگی کے تین نئے کیسزسامنے آگئے ۔ خیبرپختون خوا میں متاثرہ افراد کی تعداد گیارہ سو جبکہ کراچی میں سترہ سو سے زیادہ ہوگئی  ہے۔

چھوٹے سے مچھر نے شہریوں کی زندگی مشکل بنادی ہے ۔  راولپنڈی اسلام آباد میں چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 147 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔راولپنڈی  کے 86 اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے  63 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ۔جڑواں شہروں میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 305 ہوگئی ہے۔

راولپنڈی سے 1 ہزار 479 اور اسلام آبادسے 80مصدقہ کیسز سامنے آئے ۔ضلع راولپنڈی  کے ہمسایہ اضلاع  چکوال میں  ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 10، اٹک میں 8 اور جہلم میں دو ہے ۔سرکاری اسپتالوں میں اضافی وارڈز کے باوجود ڈینگی مریضوں کی جگہ کم پڑگئی ہے۔

ادھر جنوبی صوبے سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رواں سال ڈینگی سے سترہ سو زائد افراد متاثر ہوئے جبکہ شہر قائد میں  ڈینگی کے کاٹنے سے آٹھ افراد جان کی بازی ہارگئے۔

پنجاب کے صنعتی شہر فیصل آباد میں اب تک تیرہ افراد اس موذی مرض میں مبتلا ہوئے ہیں ۔

ادھر شمالی صوبے خیبر پختون خوا میں بھی ڈینگی کے وار جاری ہیں ۔ڈینگی کے 54 نئے کیسز رپورٹ سامنے آگئے ۔۔ پشاور سے 27 بٹ گرام سے 8، ایبٹ آباد سے 6، مردان سے 5 اور باجوڑ سے 3 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

صوبے بھر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد گیارہ سو سے تجاوزکرگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ملک بھر میں ڈینگی بے قابو، جڑواں شہروں میں تعداد 3 ہزار سے تجاوز


متعلقہ خبریں