کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایک بار پھر طلب کر لیا۔
مراد علی شاہ کو کل 17 ستمبر کو صبح 10 بجے نیب کراچی نے اپنے دفتر میں طلب کیا ہے، نیب کراچی نے وزیر اعلیٰ سندھ کو جعلی اکاؤنٹ کیس میں طلب کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو اس سے قبل نیب اسلام آباد نے بھی جعلی اکاؤنٹس کیس میں طلب کیا تھا۔ جہاں انہوں نے نیب کی پانچ رکنی ٹیم کے سامنے پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا۔
نیب نے مراد علی شاہ کو ٹھٹھہ اور دادو شوگر ملزم کیس سے متعلق ریکارڈ سمیت طلب کیا تھا اور ان سے نیب کی ٹیم نے ایک گھنٹے سے زائد وقت تک پوچھ گچھ کی تھی۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پہلی بار نیب کے سامنے پیش ہوا تاہم مجھے کوئی خاص چیز نظر نہیں آئی جبکہ نیب کو اپنے پورے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں وزیر اعلیٰ سندھ کی نیب آفس پیشی، فریال اور حنا ربانی کل طلب
اُن کا کہنا تھا کہ میرے پاس چھپانے کے لیے کچھ نہیں ہے اور نیب تحقیقات کے لیے پوری طرح سے تیار ہوں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے نیب راولپنڈی طلب کیے جانے پر شکوہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ سب لوگ کراچی میں ہیں اور ہمیں یہاں بلایا جا رہا ہے۔ کراچی بلایا جاتا تو سیکیورٹی سمیت دیگر اخراجات زیادہ نہیں ہوتے۔