حزب اختلاف کو ہر قدم پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، فرخ حبیب

‘نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان کا مسئلہ اس وقت جیل میں قید اور احتساب کا عمل ہے’

  • ’عثمان بزدار اپنا کام اچھے طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں‘

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما اور رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا مسئلہ اس وقت جیل میں قید ہونا اور احتساب کا عمل ہے۔

ہم نیوز کے مارننگ شو “صبح سے آگے” میں میزبان اویس منگل والا اور شفا یوسفزئی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم کہتے ہیں کہ یہ لوگ ملک کا لوٹا ہوا پیسہ واپس کریں اور جائیں، حزب اختلاف کو ہر قدم پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے.

انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمیں احتساب کا مینڈیٹ دیا ہے، لوگ بدعنوانی سے تنگ آ چکے ہیں لہذا ہمارا مینڈیٹ بالکل واضح ہے کہ اسے برادشت نہیں کیا جائے گا اور سب کا احتساب ہو گا۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ ہم وہ وعدہ نہیں کرتے جو پورا نہ کر سکیں۔ پاکستان میں موجود ٹیکس فائلرز کی تعداد میں اس دفعہ اضافہ ہوا ہے۔ ٹیکس کے نظام پر لوگوں کا اعتماد بڑھانے کے لیے حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بات کا احساس ہے کہ مہنگائی بڑھی ہے اور اس وجہ سے عام آدمی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن ہم عوام کو ریلیف دینے کی پوری کوشش کر رہے ہیں اسی لیے ہم نے عوام کو صحت کارڈز فراہم کیے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ عوام کو صحت کارڈز کی سہولت پاکستان کی تاریخ میں ہہلی مرتبہ دی گئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے بہت سے اچھے کام کیے ہیں لیکن وہ عوام تک ٹھیک طرح سے نہیں پہنچ رہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نوجوانوں کے لیے 200 ارب کا احساس پروگرام لے کر آئے ہیں جس کے تحت اب نوجوان ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی بد قسمتی یہ ہے کہ میڈیا پچھلے ایک سال سے ان پر تنقید کر رہا ہے، کبھی ان کے بات کرنے کے انداز سے مسئلہ ہوتا ہے اور کبھی ان کی شخصیت سے جبکہ وہ اپنا کام اچھے طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں