نوازشریف کسی صدارت کے محتاج نہیں، مریم نواز


سرگودھا: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کی نمائندہ جماعت کو سینیٹ انتخابات سے باہر کردیا گیا ہے۔ موجودہ دور آمریت سے بھی بدتر ہے۔

سرگودھا میں مسلم لیگ ن کے سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں آج عوام کی عدالت میں نوازشریف کا نہیں پاکستان کا مقدمہ لے کر آئی ہوں۔ عوام کی رائے پر اپنی رائے بطور ہتھیار یا قلم مسلط کرنا بدترین آمریت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کو نا صرف انتخابات سے باہر کردیا گیا بلکہ شیر کا نشان بھی چھین لیا گیا ہے۔ نواز شریف کو صدارت کی اسٹیمپ کی ضرورت نہیں ہے۔

مسلم لیگ ن کی رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو صدارت سے ہٹانے، دلوں سے نکالنے اور سیاسی طور پر روکنے کے لیے کروڑوں ووٹروں کو بھی نااہل کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملک سے آمریت کے اندھیرے مٹانے کی کوشش کررہے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں بھی مسلم لیگ ن ہی کامیابی حاصل کرے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر سزا دی گئی اور بیٹی کو تحفے دینے پر مقدمات قائم کیے گئے۔

مریم نواز نے کنونشن میں ملنے والا سونے کا تاج سرگودھا میں قائم یتیم بچوں کے ادارے کو دینے کا اعلان کردیا۔

سرگودھا کے مئیر کی جانب سے مریم نواز کو 21 تولے سونے کا تاج پیش کیا گیا تھا جو دوران پروگرام انہیں پہنایا گیا۔


متعلقہ خبریں