احد چیمہ کی گرفتاری قانون کے مطابق کی گئی ہے، نیب


لاہور: نیشنل اکاؤنٹیبیلیٹی بیورو (نیب) نے واضح کیا ہے کہ دھمکی، سرزنش یا احتجاج کو قانونی راستے میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا اور تمامتر نامساعد حالات کے باوجود ذمہ داریوں کو قانون، میرٹ، شفافیت اور انصاف کے مروجہ اصولوں کے مطابق انجام دیا جائے گا۔

ترجمان نیب نے ہفتے کو جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ احد چیمہ کی گرفتاری قانون کے مطابق کی گئی ہے۔ نیب کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں، ریمانڈ کے اختتام پر احتساب عدالت میں تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے گی۔

نیب کے ترجمان نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت یا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے اور زیب داستاں کے لئے جو کچھ بھی کہا جارہا ہے اس کا جواب نہیں دیا جائے گا کیونکہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔

ترجمان نے یقین دہانی کرائی کہ کسی بھی امتیازی سلوک کا کوئی احتمال نہیں ہے ، نہ کبھی ایسا ہوا اور نہ ہی آئندہ ہو گا۔

کرپشن کے سدباب کے لئے قائم ادارے نیب کی یہ وضاحت پنجاب میں گرفتار کئے گئے بیوروکریٹ احدچیمہ کے واقعہ پر سامنے آنے والے ردعمل کے جواب میں کی گئی ہے۔

لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے سابق چئیرمین کو نیب نے بدعنوانی کے الزام میں چند روز قبل گرفتار کر لیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اچانک گرفتاری اس لئے کی گئی کہ مبینہ بدعنوانی میں ملوث بیوروکریٹ کے متعلق خدشہ تھا کہ وہ بیرون ملک جاسکتا ہے۔

پنجاب حکومت اور وزیرقانون رانا ثناء اللہ کی جانب سے اس گرفتاری پر خاصی تنقید کی گئی ہے۔ جب کہ ڈی ایم جی گروپ کے افسران کی جانب سے احد چیمہ کی گرفتاری پر احتجاج بھی کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں