پراسرار طور پر ہلاک ہونے والی طالبہ نمرتا کی آخری رسومات ادا کردی گئیں


آصفہ ڈینٹل کالج لاڑکانہ میں پراسرار طور پر ہلاک ہونے والی طالبہ نمرتا کی آخری رسومات سندھ کے ضلع  گھوٹکی  کے تعلقہ میرپور ماتھیلو کی امر شہید کالونی میں میں ادا کردی گئیں۔

آخری رسومات کے لی نمرتا کی لاش کو شمشان گھاٹ پہنچایا گیا جس میں ہندو برادری  کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔

نمرتا بے نظیربھٹو میڈیکل یونیورسٹی سے منسلک آصفہ ڈینٹیل کالج لاڑکانہ کی طالبہ تھی۔ طالبہ کی لاش ہاسٹل نمبر تین کے کمرے سے دو روز قبل ملی تھی۔

دریں اثناء نمرتا کی ہلاکت کیخلاف سندھ بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ گھوٹکی میں پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ نے ککو رام کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ نمرتا کو قتل کیا گیا، اسے خود کشی کا رنگ نہ دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: لاڑکانہ :ہاسٹل کے کمرے سے طالبہ کی نعش برآمد،ورثا کا پوسٹ مارٹم کرانے کا اعلان

لاڑکانہ میں آصفہ ڈینٹل کالج کے طلبہ نے بھی مظاہرہ کیا اور کالج انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے ایس پی آفس کے سامنے دھرنا بھی دیا اور مطالبہ کیا کہ پولیس قتل کا مقدمہ درج کرے۔

ذرائع کے مطابق نمرتا کی میڈیکل رپورٹ کے لیے  ایک نمونہ لاڑکانہ جبکہ  دوسرا کراچی بھیج دیا گیا ہے۔

گھوٹکی میرپور ماتھیلو میں سوگ کی فضا برقرار اور کاروباری مراکز بند ہیں۔

دریں اثناء نمرتا کے بھائی ڈاکٹر وشال کا کہنا تھا کہ ان کی بہن نے خودکشی نہیں کی بلکہ انہیں  قتل  کردیا گیا ہے۔ غم سے نڈھال نمرتا کے بھائی نے واقعہ  کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ  بھی کردیا ہے۔


متعلقہ خبریں