صلاح الدین کی فرانزک رپورٹ آگئی ،موت کس وجہ سے ہوئی تعین نہ ہوسکا


رحیم یارخان: اے ٹی ایم مشینوں سے کارڈی کی چوری کے معاملے پر پولیس کے ہاتھوں قتل ہونے والے صلاح الدین کی فرانزک رپورٹ آگئی ہے مگر اس میں یہ تعین نہیں کیا جاسکا کہ اسکی موت کس وجہ سے ہوئی ہے؟ 

ذرائع کے مطابق صلاح الدین کی فرانزک رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ  صلاح الدین کی موت سے قبل اس کو جسمانی تشدد کا نشانہ بنایاگیا،اسکے دائیں بازو کے اوپر اور پیٹ کے بائیں حصہ پر تشدد کیا گیا ۔

فرانزک رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ صلاح الدین کے جسم کے تشدد کے حصوں میں خون کے لوتھڑے جمے ہوئے تھے،  رپورٹ کے مطابق صلاح الدین کو پرانی پھیپھڑوں کی بیماری بھی تھی جس میں سانس کا نہ آنا اور پھولنا بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ میں موت کی وجہ بیان نہیں کی گئی ۔ تاہم یہ بتایا گیاہے کہ صلاح الدین کی موت میں تشدد اورپھیپھڑوں کی بیماری کا ساتھ مل کر نیورجینک شاک سمیت کوئی بھی وجہ ہوسکتی ہے۔

میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے مطابق تشد، پھیپھڑوں کی بیماری یانیورجینک شاک کے علاوہ بھی موت کی وجہ ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ صلاح الدین کے والد محمد افضال نے سات ستمبر کو وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار سے ملاقات بھی کی تھی۔

اس موقع پر محمد افضال کا کہنا تھا  کہ محکمہ پولیس میں اصلاحات ناگزیر ہیں وہ صلاح الدین جیسے تمام معصوم اور بے گناہوں کو بچانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے وزیر اعلی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ صلاح الدین کی قبرکشائی کی جائے تاکہ دوبارہ پوسٹ مارٹم کرکے حقائق سامنے لائے جاسکیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے بیٹے کے قتل میں ملوث ایس پی حبیب کو معطل کرنے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

وزیر اعلی پنجاب نے صلاح الدین کے والد کو شفاف عدالتی تحقیقات کروانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

واضح رہے کہ پولیس نے صلاح الدین کو اے ٹی ایم توڑنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا جو 31 اگست کی شب پولیس حراست میں دم توڑ گیا۔ صلاح الدین کے جسم پر تشدد ثابت ہونے کے بعد ایس ایچ او، تفتیشی افسر اور اے ایس آئی سمیت دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔

ڈی پی او رحیم یار خان نے واقعہ کی تحقیقات کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ٹیم بھی تشکیل دی تھی۔

ابتدا میں پولیس صلاح الدین پر تشدد کے الزام کو مسترد کرتی رہی بعد ازاں پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد آر پی او بہاولپور نے بیان دیا کہ مقتول کے جسم پر تشدد کے کچھ نشانات پائے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں صلاح الدین کی ہلاکت: ملزمان کا صحت جرم سے انکار، عبوری ضمانت منظور


متعلقہ خبریں