پاکستان اقتصادی ترقی کی راہ پرگامزن ہوگیا ہے، وزیراعظم عمران خان


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ سی پیک کے جاری منصوبے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں مدد گار ثابت ہوں گے۔ 

انہوں نے یہ بات آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں چینی سفیر یاؤ ژنگ سے ملاقات کے دوران کی ہے۔

سرکاری اعلامیے میں کہا گیاہے کہ چینی سفیر نے چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان  کو انکی آنے والی سالگرہ پر تہنیتی پیغام پہنچایا۔

اس موقع پر چین اور پاکستان کے درمیان روایتی دوستی کو ” ٹھوس اور مضبوط ” قرار دیا گیااور نئے عہد میں پاک چین کمیونٹی کی تعمیر کے مشترکہ عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

چینی صدر کا خصوصی پیغام پہنچانے پر وزیراعظم عمران خان نے چینی سفیر یاؤ ژنگ سے اظہار تشکر کیا۔

ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہ داری کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس بھی ہوا ہے  جس میں صنعتی شعبے میں مراعات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں کہا گیا کہ سی پیک حکومت کی اولین ترجی ہے،خصوصی اقتصادی زونز میں ترقی کے بے پناہ مواقع ہیں،اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ چینی اور روسی کمپنیوں نے پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اقتصادی ترقی کی راہ پرگامزن ہوگیا ہے،حکومت کاروبار کو آسان بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے خطے کے ملکوں میں کامیاب سرمایہ کاری ماڈلز سے استفادہ کرنے کی ہدایت بھی کی ۔

یہ بھی پڑھیے: وزیراعظم عمران خان کا سعودی ولی عہد سے ٹیلی فونک رابطہ


متعلقہ خبریں