کسی کو ملک کے مسائل کی پروا نہیں ہے، بلاول بھٹو


سکھر: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ٹکراؤ کی سیاست ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ نواز شریف خاندانی حکمرانی بچانے کے لیے پورا سسٹم تباہ کرنا چاہتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے سکھر میں ادارہ برائے امراض قلب کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو ملک کے مسائل کی پروا نہیں ہے۔ پیپلزپارٹی نے جمہوریت اور عوام کی خوشحالی کے لیے قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میاں صاحب آپ کو کیوں نکالا، یہ عوامی مسئلہ نہیں ہے۔ خان صاحب ایمپائر کی انگلی کے آسرے اور میاں صاحب انگوٹھے خریدنے کے چکر میں ہیں۔

نوازشریف پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ نے مخالفین کے خلاف فیصلوں پربغلیں بجائیں، سزاؤں کے لئے ججوں پر دباؤڈالا، آپ کو عمر قید کی سزاسنائی گئی، آپ نے اپیل تک نہیں کی، آٹھ سال بعد واپس آئے تو ساری سزائیں معاف کردی گئیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ملک میں اصل مسائل پر بات نہیں ہورہی ہے۔ پانامہ اور اقامہ سے عوام کو کسی قسم کی دلچسپی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو جو کام کرنا چاہیے تھا وہ کیا نہیں اور جو نہیں کرنا تھا اسی کے پیچھے لگے ہوئے ہیں۔ ملکی اثاثے اونے پونے داموں بیچے جارہے ہیں۔ ذاتی ائرلائن کے چکر میں قومی ائرلائن کو تباہ کیا جارہا ہے۔ حالات جیسے بھی ہوں اپنی ماں کا زیور نہیں بیچا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں جہاں ڈھائی لاکھ لوگ امراض قلب کے باعث جاں بحق ہوجاتے ہیں وہیں سندھ واحد صوبہ ہے جس نے اس شرح کو کم کرنے کا عزم کررکھا ہے۔


متعلقہ خبریں