کریم کیپٹن کے مبینہ قاتل کا میڈیا کے سامنے جرم سے انکار

کریم کیپٹن کے مبینہ قاتل کا میڈیا کے سامنے جرم سے انکار | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں دو روز قبل قتل کئے گئے کریم کیپٹن کے مبینہ قاتل کے طور پر میڈیا کے سامنے پیش کردہ ملزم نے جرم سے انکار کر دیا۔

ہفتے کو اس وقت صورتحال نے عجیب موڑ لیا جب اسلام آباد پولیس کے ایس پی انویسٹی گیشن زبیر شیخ نے نیوز کانفرنس کے دوران ملزم کو میڈیا کےسامنے پیش کیا۔

ایس پی انویسٹی گیشن کا دعوی تھا کہ ملزم عطاء اللہ اس سے قبل بھی وارداتیں کرتا رہا ہے۔

سینئیر سپریٹنڈنٹ (ایس پی) پولیس کے مطابق ملزم کو سی سی ٹی وی کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے ایف الیون مرکز سے گاڑی بک کی، جی تھرٹین پہنچ کر اسلحہ کے زور پر گاڑی چھیننے کی کوشش کی، مزاحمت پر کیپٹن کو قتل کر دیا۔ ملزم کے قبضے سے چھینی گئی گاڑی بازیاب کر لی گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت کی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اس سے قبل بھی ایک گاڑی چھین چکا ہے۔

نیوز کانفرنس میں بات یہیں تک پہنچی تھی کہ پولیس اہلکاروں کے درمیان کھڑے ملزم نے کہا کہ اس نے قتل نہیں کیا۔ ملزم کے طور پر پیش کئے گئے نوجوان کا کہنا تھا کہ اسے میڈیا سے بات کرنی ہے۔

نئی صورتحال میں پولیس اہلکاروں نے ملزم کو بات کرنے سے روک دیا تاہم وہ اصرار کرتا رہا کہ اسے بات کرنی ہے۔ عطاء اللہ کا اصرار جاری رہا تو پولیس اہلکار اسے زبردستی اٹھا کر نیوزکانفرنس سے باہر لے گئے۔

اسلام آباد کے سیکٹر جی 13 میں تین روز قبل موبائل ایپ کے ذریعے سفری سہولیات فراہم کرنے والی کریم کے کیپٹن کو قتل کر دیا گیا تھا۔ ذیشان جنید نامی نوجوان کے متعلق پولیس کا کہنا تھا کہ نامعلوم افراد اسے قتل کر کے گاڑی لے کر فرار ہو گئے ہیں۔

اسلام آباد کے تھانہ گولڑہ کی حدود میں پیش آنے والے واقعہ پر جمعہ کے روز کریم کے کیپٹنز اور وینڈرز کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں احتجاج بھی کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں