اسلام آباد: مبینہ اغوا لڑکی کلاس فیلو کے ساتھ سفر کرتے ہوئے پکڑی گئی


اسلام آباد: پولیس نے وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی ایٹ سے میبنہ طور پر اغوا ہونے والی 14 سالہ لڑکی کو کلاس فیلو کے ساتھ سوات جاتے ہوئے راستے میں پکڑ لیا ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو خبر دی ہے کہ کمشکا خالد دو روز قبل گھر سے فرار ہوئی اور اپنے کلاس فیلو کے ساتھ مری میں بھی قیام کیا۔

لڑکی کو کسی نے اغوا نہیں کیا بلکہ وہ خود گھر سے دوست کے ساتھ گئی تھی۔

اطلاعات ہیں کہ پولیس کی تکنیکی ٹیم نے موبائل جیوفینسنگ سے کمشکا کا پتا لگایا۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کو بازیاب کرایا گیا ہے۔

لڑکی کے والد نے دو روز قبل سوشل میڈیا پر اپنی بیٹی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ کمشکا جو آٹھویں کلاس کی طالبہ ہے شام سے گھر نہیں آئی اور واقعہ کی ایف آئی آر درج کرانے کے باوجود تلاش شروع نہیں کی گئی۔

والد نے منگل کی صبح شیئر کی گئی پوسٹ میں لکھا تھا کہ وہ پریس کلب کے سامنے احتجاج کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے لڑکی کے بازیاب ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ’ یہ زبردستی کا اغوا نہیں بلکہ خاندانی مسئلہ ہے، میں چاہوں گا کہ کمشکا کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر نہ کی جائے، ایسا کرنے سے بچی اور اس کے والدین کے لیے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں’۔

اسکرین شاٹ

 


متعلقہ خبریں