پی ٹی آئی حکومت ’ناجائز، نااہل‘ ہے: فضل الرحمان

’کشمیر کو بیچ دیا گیا ہے‘

مولانا فضل الرحمان

  • ’چین، افغانستان اور ایران کیساتھ بھی جنگ کی طرف جارہے ہیں‘

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کو ’ناجائز اور نااہل‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے عوام کو کرب میں مبتلا کر رکھا ہے۔

اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مذہبی طبقہ دستور پاکستان کی اسلامی دفعات کے عدم تحفظ کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی دفعات کا خاتمہ بین الاقوامی ایجنڈا ہے یہ حکومت اس ایجنڈے کی ایجنٹ ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ معیشت کو بہتر بنانے کے بجائے ہر گھر آج روٹی کے لئے فکر مند ہے جبکہ ملکی معیشت تباہ ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑی کمپنیوں نے اپنے ہزاروں ملازمین کو فارغ کردیا ہے، نوجوانوں کو خوبصورت مستقبل دکھایا گیا اور بے روز گار کردیا گیا، 15 سے 20 لاکھ نوجوان نوکریوں سے نکالے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چین، افغانستان اور ایران کے ساتھ بھی جنگ کی طرف جارہے ہیں جبکہ کشمیر کو بیچ دیا گیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اعلامیہ میں جب کہا گیا کہ کشمیر میں آرٹیکل 370 کا خاتمہ کردیا گیا ہے تو حکومت نے کہا کہ ہم یہ بات شامل نہیں کریں گے، قوم کو اٹھایا بھی جارہا ہے اور سچ بتایا بھی نہیں جارہا ہے، کہا جاتا ہے 70 سال  سے یہ سلسلہ چل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے منشور میں بتا دیا تھا، ہم کیوں خواب خرگوش میں تھے؟ ہمارا والا کہتا تھا مودی کامیاب ہوگیا تو مسئلہ کشمیر حل کرلیں گے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ یہ نااہل حکومت ہے اسے مزید رہنے دینے کا مطلب پاکستان کو جانے دینا ہے، ہم نے اب ملک کی سلامتی کی بھی جنگ لڑنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہمارے مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے ہیں اور وہ ہمارے آزادی مارچ میں شامل ہوں گے کیوں کہ حالات ایسے بن گئے ہیں کہ کوئی بھی سیاسی جماعت اب پیچھے نہیں رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ملک کو سب نے مل کر بچانا ہے اور ملک کو آزاد کروانا ہے، انشاء اللہ 15 لاکھ سے زیادہ لوگ اسلام آباد آئیں گے اور اب بزدلی کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ برصغیر میں آزادی کے پیدائشی حق کیلئے جو قربانیاں دیں آج پھر وہی وقت آگیا ہے، آزادی ہر انسان کا پیدائشی حق ہے، انگریز کے بعد عالمی استعمار نے ہم سے آزادی چھین لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا مغرب کو طاقتور سمجھتے ہوئے کہتی ہے طاقتور سے ٹکر نہ لینا تاہم بہادر لوگ حق پر ہوتے ہوئے کبھی طاقت سے خوفزدہ نہیں ہوئے۔

شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس میدان میں ہم اترے ہیں اس عظیم مقصد کے لئے اول شرط یہ ہے کہ دل سے خوف نکال دیں کیوں کہ اس سے تحریکیں نہیں چل سکتیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایسے اسلام پسند دوست جو سیاست کو اہمیت نہیں دیتے ان پر اللہ ایسے سیاستدان مسلط کرتا ہے جو اسلام کو اہمیت نہیں دیتے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پورے ملک میں 15 ملین مارچ کئے ہیں اور ہم پاکستان کے 8 ماہ میں ڈیڑھ کروڑ لوگوں سے مخاطب ہوئے ہیں، یہ عوامی قوت اور ایسا کارکن کسی دوسری پارٹی کے پاس نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں