مریم نواز کے فیصلے کے خلاف حکومت اپیل دائر کرے گی، فردوس عاشق


اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم نواز سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف حکومت اپیل دائر کرے گی۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ کو اپنے مجوزہ دورہ امریکہ پر اعتماد میں لیا ہے وہ جنرل اسمبلی سے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کشمیریوں کے سفیر بن کر امریکہ جارہے ہیں اور ان کے دورہ امریکہ کا ایک نکاتی ایجنڈا ’’مسئلہ کشمیر‘‘ کو اجاگر کرنا ہے جبکہ عمران خان اپنے دورے میں اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ مریم نواز کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے کیونکہ ذوالفقار بھٹہ کیس میں سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے کہ سزا یافتہ شخص پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتا۔

انہوں ںے کہا کہ ملک بھر میں 5 ہزار کے قریب خواجہ سرا موجود ہیں اور ان کے لیے بھی ہیلتھ کارڈز جاری کیے جا رہے ہیں۔ جس کے لیے نادرا ڈیٹا بیس سے مدد لی جا رہی ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں میڈیا سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا ہے۔ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون بن چکا ہے اور وزیر اعظم میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ میں میڈیا کے شفاف کردار کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جس کے لیے خصوصی میڈیا ٹریبونلز قائم کیے جائیں گے جس کا مقصد میڈیا سے متعلق شکایات کا جلد ازالہ کرنا ہےجو 90 دن میں فیصلہ کرنے کے پابند ہوں گے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ ملک بھر کے بڑے اسپتالوں میں انفارمیشن سینٹرز بنائے جائیں گے جس کا مقصد بزرگ اور بے سہارا افراد کی معلومات میڈیا تک پہنچانا ہے اور بے سہارا بزرگوں کے لیے مسکن کے نام سے خصوصی سینٹرز بھی قائم کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں مریم نواز ن لیگ کی نائب صدر برقرار، الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنا دیا

انہوں نے کابینہ کے فیصلوں سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں میں نشے کی روک تھام کے لیے 244 بحالی مرکز قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ سی پیک منصوبوں پر کام کرے والوں کے لیے ویزا میں توسیع کی منظوری دی گئی ہے۔ وزیراعظم نے مختلف وزارتوں میں خالی آسامیوں کو مقررہ وقت میں پر کرنے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کیڈر اور نان کیڈر ملازمین کی تربیت کے لیے مجوزہ اصلاحات کی منظوری بھی دی گئی ہے اور کابینہ نے نئی گاڑیوں پر پریمیم کے خاتمے کی منظوری بھی دے دی۔ کابینہ نے پمز اصلاحات ایکٹ کے مسودے کی منظوری بھی  دی ہے۔


متعلقہ خبریں