جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ پر کام جاری ہے، شاہ محمود قریشی

ملکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے، وزیر خارجہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ پر کام ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے۔

ملتان سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ وفد میں چیف وہپ قومی اسمبلی عامر ڈوگر، پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدوم زین قریشی اراکین قومی اسمبلی محمد ابراہیم خان، رانا قاسم نون، احمد حسین ڈیہڑ سمیت دیگر شامل تھے۔

ملاقات میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت، ملتان ریجن کے ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر اہم علاقائی و سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوران ملاقات، ملتان میں آئندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت کی گئی اور مشاورتی سلسلے کو آئندہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کی عدم توجہ اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کے باعث جنوبی پنجاب کے لوگوں میں احساس محرومی بڑھتا رہا لیکن پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اب جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے ذریعے محرومیوں کا ازالہ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ پر کام ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے جسے بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں بزدار سرکار نے تعلیمی میدان میں جنوبی پنجاب کو نظر انداز کردیا

ملتان کے پارلیمینٹیرنز کے وفد نے صحت عامہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے “نشتر ٹو” منصوبے کے اجراء پر وزیر خارجہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ نے اراکین اسمبلی کو تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی یقین دہانی بھی کرائی۔ وزیر خارجہ نے ملتان سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔


متعلقہ خبریں