’مریم نواز کے فیصلے سے الیکشن کمشنر نے حکومت سے بدلہ لیا‘

مریم نواز کے فیصلے سے الیکشن کمشنر نے حکومت سے بدلہ لیا

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما راجہ ریاض کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے مریم نواز کے حق میں فیصلہ دے کر حکومت پاکستان سے بدلہ لیا ہے۔

راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس فیصلے کیخلاف اپیل کرنے کا حق ہے اور ہم اپیل کریں گے۔

خیال رہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے صدر عارف علوی کی طرف سے چنے گئے دو نئے ارکان سے حلف نہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر کے اس انکار کے بعد حکومت نے سردار رضا خان کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

معاملے کا آغاز گزشتہ ماہ اس وقت ہوا جب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے مبینہ طور پر پارلیمانی کمیٹی کو نظر انداز کر کے الیکشن کمشن کے دو ممبران کا تقرر کیا گیا  جن کا تعلق سندھ اور بلوچستان سے ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ نئے ممبران کی تعیناتی آئینی اصولوں کے مطابق نہیں ہوئی، لہذا وہ ان ارکان سے حلف نہیں لے سکتے۔

وفاقی وزیرقانون فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ صدر کو ایگزیگٹو آرڈر جاری کرنے کا اختیار ہے اور چیف الیکشن کمشنر کے پاس حلف نہ لینے کا کوئی اختیار نہیں۔

خیال رہے کہ اگر وفاقی حکومت چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کے خلاف ریفرنس دائر کرتی ہے تو یہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی تاریخ میں اپنی نوعیت کی پہلی مثال ہوگی۔

جسٹس( ر) سردار رضا خان چیف الیکشن کمشنر کے طور اپنی پانچ سالہ مدت 5 دسمبر 2019 کو پوری کریں گے۔


متعلقہ خبریں