’حکومت کے سر سے خفیہ ہاتھ اٹھ رہا ہے‘

’حکومت کے سر سے خفیہ ہاتھ اٹھ رہا ہے‘

فائل فوٹو


اسلام آباد: جمیعت علمائے اسلام(ف) کے رہنما حافط حمداللہ کے مطابق موجودہ حکومت پر جو خفیہ ہاتھ تھا وہ آہستہ آہستہ ہٹ رہا ہے اور دو تین ماہ میں مکمل ہٹ جائے گا۔

ہم نیوز کے پروگرام’ندیم ملک لائیو‘ میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹی آئی 14 ماہ میں حکومت نہیں سنبھال سکی، نالائقی اور کارکردگی کی وجہ سے ان کے کندھے سے ہاتھ آہستہ آہستہ اٹھ رہا ہے۔

آزادی مارچ میں دیگر پارٹیوں کی شمولیت سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف کی تمام جماعتیں ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔

ہمارے ساتھ اتنے لوگ نکلیں گے کہ حکومت دیکھتی رہ جائے گی، ہمارا راستہ نہ روکا جائے اسی میں موجودہ حکومت کی بھلائی ہے۔

حافظ حمداللہ نے کہا جے یو آئی ف اس وقت تک اسلام آباد میں دھرنا جاری رکھے گی جب موجودہ حکومت برطرف نہیں ہو جاتی یا نئے انتخابات کا اعلان نہیں کرتی۔

ن لیگی رہنما خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی احتجاج میں ضرور شریکت کرے گی تاہم لمبے عرصے تک دھرنے کے لیے پارٹی کو تیار کرنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جوہری قابلیت کو اس حکومت نے مٹی میں ملا دیا ہے اور پی ٹی آئی حکومت چلانے کی پوزیشن میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوبارہ انتخابات کے سوا کوئی حل باقی نہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا کہ ان کی جماعت بھی احتجاج کا حصہ بنے گی لیکن اداروں اور آئین کے خلاف کوئی اقدام نہیں اٹھائے گی۔


متعلقہ خبریں