قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز امام الحق نے کپتان سرفراز کو منالیا

قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز امام الحق نے کپتان سرفراز کو منالیا

لاہور: سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق میڈیا میں اکثر تنقید کی زد میں رہتے ہیں، قائداعظم ٹرافی کے میچ کے دوران وہ ایک بار پھرایک نئے تنازع کا شکار ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق قائداعظم ٹرافی کے میچ کے دوران انہوں نے سست روی سے سنچری بنانے کی وجہ حریف ٹیم سندھ کی منفی بولنگ اور فیلڈ سیٹنگ کو قراردے دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سلامی بلے باز کا اشارہ واضح طورپرحریف کپتان سرفراز احمد کی جانب تھا۔

ذرائع کے مطابق امام کے اس بیان پر سندھ کی ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑیوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے قوانین کے مطابق ہی بولنگ کی تھی جبکہ پوائنٹس کے حصول کی کوشش کوئی غلط بات نہ تھی، سیلفش اننگز کا ملبہ ہم پر گرانا درست نہیں۔

میچ ختم ہونے پر امام الحق نے سندھ کے ڈریسنگ روم میں جا کر سرفراز احمد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’سیفی بھائی میری بات کا وہ مطلب نہیں تھا جو اخذ کیا گیا‘‘، ساتھ موجود ایک کھلاڑی نے بتایا کہ سرفراز نے امام الحق کو سمجھایاکہ بولتے ہوئے احتیاط سے کام لیا کرو، تنازعات سے جتنا بچو گئے اتنا اچھا ہوگا۔

بعد ازاں میں میڈیا کے نمائندوں کو ’’سب اچھا ہے‘‘ کا پیغام دینے کے لیے امام الحق قومی ٹیم کے کپتان کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر ڈریسنگ روم کے باہر ٹہلتے بھی دکھائی دیے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی امام الحق کی پریس کانفرنس کا جائزہ لے رہا ہے، اگر ان کا بیان ضابطہ اخلاق کے خلاف پایا گیا تو ان پر جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں