چونیاں میں تین بچوں کا قتل ، ایس ایچ اور ڈی ایس پی معطل


لاہور: آئی جی پنجاب نے وزیراعلی سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر  چونیاں میں بچوں کے قتل پر  ایکشن لیتے ہوئے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او چونیاں کو معطل کر دیا۔

انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز نے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈی ایس پی چونیاں نعیم ورک کی فوری معطلی کے احکامات جاری کر دیےجبکہ ڈی پی او قصور کو ایس ایچ او سٹی چونیاں عرفان گل کو بھی معطل کرنے کا حکم دیا  گیاہے۔

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارکی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ مقتول بچوں کے لواحقین کے ساتھ پوری ہمدردی ہے-پولیس کی غفلت جہاں بھی ہوئی ہے اس پر سخت ایکشن ہوگا-

سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا ہے کہ بچوں کے قتل کے دل دہلا دینے والے واقعات قعطاً برداشت نہیں -بچوں کے قتل کے ذمہ دار قرار واقعی سزا سے نہیں بچ سکیں گے-

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صوبائی وزراء ہاشم ڈوگر اور سردار آصف نکئی نے غمزدہ خاندانوں سے ملاقات بھی کی ہے ۔ دونوں وزراء نے سوگوار خاندانوں سے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی  بھی کی ۔

ادھر عوامی نمائندوں اور پولیس افسران کے ساتھ متاثرہ خاندانوں کےمذاکرات بھی کامیاب ہوگئے ہیں۔ صوبائی وزیر کرنل ر ہاشم ڈوگر، سردار آصف نکئی،ڈی آئی جی ذوالفقار حمید، ڈی پی او عبدالغفار قیصرانی نے مذاکرات کئے۔ تین دن میں مرکزی ملزم گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ متاثرہ بچوں کے والدین نے احتجاج ختم کر دیا۔

پولیس افسران نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی کہ  ہم 72 گھنٹوں میں ملزم کو گرفتار کر لیں گے۔

وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے  صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اور انسپکٹرجنرل پولیس کو بھی فوری طو رپر چونیاں پہنچنے کی ہدایت کردی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر قانون او رآئی جی پولیس جائے وقوعہ کا دورہ کریں اور مقتول بچوں کے لواحقین سے ملاقات کر کے دلجوئی کریں -صوبائی وزیر قا نون اور آئی جی پولیس خود تحقیقات کی نگرانی کریں –

وزیراعلیٰ  پنجاب نے  کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کو بھی چونیاں جانے کی ہدایت کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: قصور: چار میں سے تین گمشدہ بچوں کی لاشیں برآمد، زیادتی کا انکشاف


متعلقہ خبریں