ڈاکٹر یاسمین راشد نے ڈینگی کے خاتمے کیلئے سابق ن لیگی وزیر سے مدد مانگ لی


لاہور:پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ڈینگی کی وبا سے نمٹنے کے لئے مسلم لیگ ن کے سابق صوبائی وزیر سے  مدد مانگ لی ہے ۔ انہوں نے کہاہے کہ  سابق وزیرخواجہ سلمان رفیق  صوبے سے ڈینگی کے خاتمے کا یقین دلائیں تو مدد لینے کو تیار ہیں،تاہم انہیں جیل سے باہر نہیں نکال سکتے۔ 

وزیر صحت پنجاب نے ڈینگی سرویلینس میں کوتاہی کا اعتراف بھی کر لیا۔ ڈینگی بخار نے راولپنڈی میں تشویش ناک صورتحال اختیار کی تو وزیر صحت کو بھی پریس کانفرنس کا احساس ہوا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے آج ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں ذمہ داری میں کوتاہی تسلیم کرنے کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہہ دیا کہ ڈینگی ہرچارسال بعد شدت اختیار کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرض کے پھیلنے کے خدشات موجود  تھے، نمٹنے کی تیاریاں بھی کیں مگر کچھ افراد نےذمہ داری سےکام نہیں کیا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے سابق وزیر صحت پنجاب مسلم لیگ ن کے اسیر رہنما خواجہ سلمان رفیق سے ڈینگی کے خاتمے کیلئے مدد لینے سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت بھی کر دی ۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا  خواجہ سلمان کو ہم باہر نہیں نکال سکتے لیکن اگر ڈینگی کے خاتمے کا یقین دلائیں تو ہم مدد لینے کو تیار ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق  ملک بھر میں ڈینگی کے لگ بھگ ساڑھے سات ہزار کیسز  منظر عام پر آئے، پنجاب کے شہر راولپنڈی میں سولہ سو اٹھاسی اور لاہور میں پینتالیس افراد موذی مرض کا شکار ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: ڈینگی وائرس سے متاثرہ مصدقہ مریضوں کی تعداد 7ہزار 471 ہوگئی،قومی ادارہ صحت


متعلقہ خبریں