آزادی مارچ 16 سے 31 اکتوبر کےدرمیان ہی ہو گا، فضل الرحمان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں ہماری تیاریوں پر اعتماد کریں، آزادی مارچ 16 سے 31 اکتوبر کے درمیان ہو گا۔

مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آزادی مارچ کے لیے بنائی گئی کمیٹیاں اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ مجلس عاملہ نے تمام کمیٹیوں کو جلد روابط مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ کے راستوں کا تعین کرنے کے لیے بھی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں اور راستے کی مشکلات حل کرنے کے لیے مرکزی مانیٹرنگ سیل بھی قائم کر رہے ہیں ۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ یکم سے 15 اکتوبر کے درمیان آزادی مارچ کرنا چاہتے تھے لیکن ن لیگ سے مشاورت کے بعد اب 16 سے 31 اکتوبر کے درمیان آزادی مارچ کی تاریخ کا تعین کریں گے۔

انہوں نے سیاسی جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتیں ہماری تیاریوں پر اعتماد کریں، ہم ریاستی اداروں سے کوئی تصادم نہیں چاہتے اور ہم پر امن رہیں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے سعودی عرب کی آئل فیلڈ پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کو یقین دلاتے ہیں ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

خورشید شاہ کی گرفتار سے متعلق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ادارے نااہل حکومت کی پشت پناہی نہ کریں، خورشید شاہ کی گرفتاری بھی سیاسی ہے اور ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ یہ احتساب نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں دھرنے میں 15 لاکھ افراد اسلام آباد لائیں گے، فضل الرحمان

انہوں نے کہا کہ اگر ہمارا راستہ روکا گیا تو ملک کو جام کر دیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا دھرنا جائز حکومت کے خلاف تھا لیکن ہمارا احتجاج ناجائز حکومت کے خلاف ہو گا۔ کرتارپور پر بھارت سے بات ہو سکتی ہے تو کشمیر پر کیوں نہیں ہو سکتی۔


متعلقہ خبریں