جڑواں شہر: چوبیس گھنٹے میں مزید 116 ڈینگی کے مریض اسپتال داخل


اسلام آباد:  اسلام آباد اور راولپنڈی میں ڈینگی مچھروں کے شہریوں پر حملے جاری ہیں۔ راولپنڈی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں  کے دوران مزید 116 ڈینگی بخار کے مریض مختلف اسپتالوں میں داخل  کرا دیے گئے ہیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق جڑواں شہروں میں ڈینگی  سے متاثرہ مصدقہ مریضوں کی ابتک تعداد 2,638 ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے پوٹھوہار ٹاؤن علاقوں سے گزشتہ  چوبیس گھنٹوں میں مزید  75 افراد ڈینگی بخار کا شکار ہوئے جنہیں مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔

پمز اسپتال ذرائع کے مطابق ابتک 3,000  سے زائد ڈینگی کے مریض اسپتال لائے گئے ہیں جن کے مختلف ٹیسٹ کیے  جاچکے ہیں۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک ایک ہزار مریضوں  میں ڈینگی کی شناخت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر یاسمین راشد نے ڈینگی کے خاتمے کیلئے سابق ن لیگی وزیر سے مدد مانگ لی

اس وقت ہولی فیملی اسپتال، بینظیر بھٹو اسپتال اور  ڈسٹرکٹ اسپتال راولپنڈی میں ڈینگی ایمرجنسی برقرار ہے۔

ڈینگی مریضوں کی تعداد  میں مسلسل اضافے کی وجہ  سے مختلف اسپتالوں کے وارڈز میں توسیع کردی گئی ہے اور بستروں کی تعدادبھی بڑھائی گئی ہے۔

اسپتال حکام نے ڈینگی کے مریضوں کو سہولیات کے ساتھ مفت دوائیں فراہم  کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔


متعلقہ خبریں