قلندرز کی قسمت نے پھر ساتھ نہ دیا، بڑا ہدف دینے میں ناکام


دبئی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری کے پانچویں میچ میں لاہور قلندرز جارحانہ آغاز کے باوجود بڑا ہدف دینے میں ناکام رہے۔

لاہور قلندر کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز بنا سکی۔ گلیڈی ایٹرز 120 رنز کے تعاقب میں میدان میں اترے گی۔

قلندرز نے گلیڈی ایٹرز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا تو کپتان برینڈن میکلم اور سنیل نارائن نے پہلی وکٹ تک 46 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔

سنیل نارائن46 کے ٹوٹل اسکور پر 28 رنز بنا کر راحت علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اوپنر بلے باز نے دو چھکے اور چارچوکے اپنے ریکارڈ میں لکھوائے۔

قلندرز کو دوسرا دھچکا 60 کے مجموعی اسکور پر لگا۔ ٹاپ آرڈر بلے باز فخر زمان ایک رنز بنا کر جوفرا آرچر کی گیند پر انہیں کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

60 کے مجموعی اسکور پر محمد نواز نے برینڈ میکلم(30) کے خلاف ایل بی ڈبلیو اپیل کی جسے امپائر نے ناٹ آؤٹ قرار دیا۔ کپتان سرفراز احمد نے فیصلہ ریویو کیا جس کے بعد تھرڈ امپائر نے قلندرز کپتان کے لیے انگلی کھڑی کر دی۔

قلندرز کپتان نے دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 30 رنز بنائے اور ٹاپ اسکورر رہے۔

کیمرون ڈیلپرٹ گیارہ رنز بنا کر محمد نواز کی ہی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ پانچویں وکٹ 81 کے مجموعی اسکور پر گری۔ عمر اکمل ایک رن بنا کر حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

رضا حسن بھی چار رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

گلریز صدف 13، یاسر شاہ 2 رنز بنا سکے۔  شاہد آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد نواز نے چار اوورز میں چار رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔

جوفرا آرچر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

لاہور قلندرز کو اپنے پہلے میچ میں بھی ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔


متعلقہ خبریں