وزراء صرف عوام کے بارے میں سوچیں، عمران خان

وزراء صرف عوام کے بارے میں سوچیں، عمران خان

پشاور: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وزراء صرف عوام کے بارے میں سوچیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے گورنر ہاوس پشاور میں صوبائی کابینہ کے اراکین کے ساتھ ملاقات کی اور صوبائی وزراء سے محکموں کی کارکردگی کے بارے میں سوالات کیے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے وزیر اعظم کو کارکردگی کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کے حالات بہتر ہوتے ہی سرمایہ کاری شروع ہوگئی ہے۔ ہم اقتدار میں آئے تو کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ زیادہ ہونے سے روپے کی قیمت میں اضافہ ہوا اور مہنگائی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے معاشی اقدامات سے روپیہ مستحکم ہوا اور پاکستان ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا۔ جب کسی گھر کو لوٹا جاتا ہے تو تھوڑے وقت کے لیے مشکلات ہوتی ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ صوبائی وزراء عوام کے بارے میں سوچیں اور عام آدمی کو ریلیف دیں۔ لوگوں کی زندگی میں آسانی لائی جائے اور ملاوٹ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پٹوار کے نظام کو مزید شفاف بنانا پڑے گا کیونکہ اس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خیبر پختونخوا کی عوام نے ہم پر اعتماد کیا تھا جس کی وجہ سے ہمیں وفاق میں حکومت ملی اس لیے وہاں کے عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہو گا۔


متعلقہ خبریں