کوہلی نے آفریدی کا ریکارڈ برابر کر ڈالا

کوہلی نے آفریدی کا ریکارڈ برابر کر ڈالا

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے پاکستان کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کا ٹی ٹوئنٹی میچز میں سب سے زیادہ مین آف دی میچ حاصل کرنے کا ریکارڈ برابر کر ڈالا۔

انہوں نے یہ سنگ میل جنوبی افریقہ کے خلاف گزشتہ روز کھیلے گئے میچ کے دوران حاصل کیا جس میں بھارتی کپتان نے ایک مرتبہ پھر ہدف کے تعاقب میں مثالی بلے بازی کرتے ہوئے تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 72 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

کوہلی کو عمدہ کارکردگی دکھانے پر مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا جو ان کے کریئر کا گیارواں ایوارڈ ہے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارتی کپتان نے محدود طرز کی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ویرات کوہلی کو ریکارڈ توڑنے پر مبارک باد پیش کی گئی۔

دوسری جانب قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی کوہلی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے انہیں موجودہ دور کا عظیم کھلاڑی کہا۔

بھارتی کپتان نے بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں اب تک 71 میچز کھیل کر 50 رنز کی اوسط سے 2441 رنز اسکور کئے ہیں۔

ویرات کوہلی تینوں طرز کی کرکٹ میں 50 کی اوسط رکھنے والے واحد کھلاڑی ہیں۔


متعلقہ خبریں