بھارت کا جنونی رویہ خطے کے امن کیلئے ایک بڑا خطرہ ہے،سربراہ پاک بحریہ


کراچی : پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہاہے کہ بھارت کا جنونی رویہ خطے کے امن کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔ پاک بحریہ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور اس کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ 

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے یہ بات آج کراچی  میں پاک بحریہ کی جنگی مشقوں شمشیربحر اور ترسیل بحر کی اختتامی تقریب سے خطاب میں کیا ۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہناہے کہ  ان جنگی مشقوں کا مقصد پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں کو نکھارنا تھا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ جنگی مشقوں کا انعقاد آپریشنل حکمت عملی کی جانچ اور بہتری میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے غیر قانونی انضمام کے بعد خطے کے جغرافیائی و سیاسی حالات انتہائی پیچیدہ ہیں۔

نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ بھارت کا جنونی رویہ خطے کے امن کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔ پاک بحریہ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور اس کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔

پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق امیر البحر نے جنگی مشقوں کے کامیاب انعقاد اور پیش کی جانے والی تجاویز پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ مشقوں میں بھرپور شرکت پر نیول چیف نے آرمی، ائیر فورس اور دیگر وزارتوں کے نمائندوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

پاک بحریہ کی طرف سے جاری مراسلے میں کہا گیاہے کہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی امیرالبحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی تھے۔

جنگی مشقوں کی اختتامی تقریب میں تینوں مسلح افواج اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیے: پاک بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کی مشترکہ مشقیں اختتام پذیر


متعلقہ خبریں