آرٹیکل 140- اے پر عمل درآمد وقت کی ضرورت ہے، پرویز مشرف

پرویز مشرف کی سزا معطلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

فوٹو: فائل


دبئی: میئر کراچی وسیم اختر نے سابق صدر پرویز مشرف سے دبئی میں ملاقات کی ہے جس میں پاکستان بلخصوص کراچی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پرویز مشرف نے کہا کہ کراچی کے میئر کو بااختیار ہونا چاہیے، میرے دور میں جو میئر کے پاس اختیارات تھے وہی اب بھی ملنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ  کراچی میں آرٹیکل 140-a پر عمل درآمد وقت کی ضرورت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کراچی کو ترقی دینی ہے تو میئر کراچی اور نچلی سطح تک اختیارات دینا ہوں گے اور تمام بلدیاتی اداروں کو میئرز کے زیر قیادت ہونا چاہیے۔

یاد رہےاس سے قبل متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اورسابق گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ میئر کراچی وسیم اختر نے دبئی میں عشرت العباد سے ملاقات کی۔

متحدہ قیادت نے سابق گورنر کو پیغام پہنچایا ہے کہ ایم کیو ایم کو کراچی کے مسائل کے حل کے لئے ان کی ضرورت ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی تلخی کم کرنے اور ہم آہنگی بڑھانے کے لئے سابق گورنر نے متحرک ہونے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔

ملاقات کے دوران عشرت العباد نے کراچی کے مسائل کے حل کے لیے وسیم اختر کو اپنے مکمل تعاون کی دہانی کرائی اور اس سلسلے میں تجاویز بھی پیش کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مئیر کراچی حکومت سندھ اور وفاق کے ساتھ رابطہ بڑھائیں۔

سابق گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کراچی کے منصوبوں کیلئے فنڈز کی فراہمی میں کردار ادا کرے اور ان کی تکمیل جلد ممکن بنائے۔

ملاقات کے دوران وسیم اختر کا کہنا تھا کہ مسائل حل کرنا ہیں تو سیاسی تلخی، الزامات اور گریبان چاک کرنے کی سیاست ختم کرنا ہوگی۔

سابق گورنر سندھ کی تعریف کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہر قائد کے مسائل کے حل کے لیے ماضی کی طرح اب بھی وفاقی، صوبائی اور بلدیاتی حکومتوں کے درمیان رابطے کے لیے عشرت العباد جیسی شخصیت کی ضرورت ہے۔


متعلقہ خبریں