برطانوی سفیر تھامس ڈریو کا قومی ادارہ صحت کا دورہ


اسلام آباد: پاکستان میں تعینات برطانوی سفیر تھامس ڈریو  نے جمعرات کے روز وفد کے ہمراہ  قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کا دورہ کیا۔

اس دورے کا مقصد پاکستان میں اینٹی با یئو ٹک کے خلاف مزاحمت کو کم کرنے کے لیے دوطرفہ تعاون اور تکنیکی مدد  فراہم کرنے کے حوالے سے گفت وشنید کرنا تھا۔

اینٹی مائکروبیل مزاحمت (اے ایم آر) جو عالمی سطح پر صحت کے لئے ایک سنگین خطرہ ہے، اس پر قابو پانے کے لئے قومی ادارہ صحت اعلی سطح کی پالیسی اور بہترکارکردگی کا مظاہرہ کررہا ہے۔

اس سلسہ میں قومی ادارہ صحت پاکستان میں اے ایم آر نگرانی کے نظام کو مستحکم کرنے میں بہت پرعزم ہے۔  این آئی ایچ برطانیہ کے محکمہ صحت اور سماجی نگہداشت (ڈی ایچ ایس سی ) کے ساتھ شراکت قائم کرکے بیماریوں کی نگرانی کے نظام ، لیبارٹری کے انفراسٹرکچر اور سائنسدانوں کی صلاحیتوں کی نشوونما کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

برطانیہ اور پاکستان کی شراکت داری اور فلیمنگ فنڈ کی گرانٹ سے پاکستان میں انسداد مائکروبیل مزاحمت اور سینئر سائنس دانوں کی پیشہ ورانہ ترقی کے بارے میں جامع اعداد و شمار تیار کرنے میں مدد ملے گی ۔

اس موقع پر تھامس ڈریو  کا کہنا تھا کہ یہ شراکت داری ‘ عالمی اینٹی مائکروبیل مزاحمت سے نمٹنے اور پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے عزم کی عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد مائکروبیل مزاحمت میں اضافہ ہر سال دنیا بھر میں سینکڑوں ہزاروں افراد کی جانیں لے رہا ہے۔ یہ گرانٹ پاکستان میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کی تکنیکی ترقی ، جدت طرازی ، اور ہمارے دونوں ممالک کے مابین زیادہ سائنسی روابط استوار کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے امور محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے سپرد

قومی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل عامر اکرام نے کہا کہ حکومت پاکستان اینٹی مائکروبیل مزاحمت کم کرنے کو قومی ترجیح سمجھتی ہے اور اینٹی مائکروبیل مزاحمت کے لئے قومی ایکشن پلان کو عملی جامہ پہنانے کے لئے پرعزم ہے جو “ون ہیلتھ ویژن “کو مدِ نظر رکھتے ہوئے مشاورتی عمل کے ذریعے تیار کیا گیا ہے۔

انہوں نے پاکستان میں اینٹی مائکروبیل مزاحمت اور انفیکشن کی روک تھام سے متعلق پیشرفت اور این آئی ایچ کے اس سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیلاَ روشنی ڈالی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیر مملکت برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا پاکستان میں اینٹی مائکروبیل مزاحمت کو روکنے کے لیے پروگراموں کے نفاذ میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔  ملک میں اینٹی مائکروبیل مزاحمت کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے  کوآرڈینیشن کو فروغ دینے اور اعلی ترین ممکنہ سطح پر صحت کے نقطہ نظر کو اپنانے کے لیےقیادت فراہم کررہے ہیں ۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ نے بیماریوں کی نگرانی ، لیبارٹری سسٹم ، اے ایم آر ، انفیکشن سے بچاؤ اور صحت کے تحفظ کے دیگر شعبوں میں مستقل تعاون کرنے پر تمام شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے فلیمنگ فنڈ کے ذریعہ اے ایم آر کی نگرانی اور صلاحیت میں اضافے میں فنڈ اور تکنیکی مدد پر برطانیہ کی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔


متعلقہ خبریں