لاہور: مفت وائی فائی فراہم کرنے کا منصوبہ ناکام ہوگیا


لاہور: موجودہ حکومت نے شہر لاہور کے باسیوں سے ایک اور سہولت چِھینتے ہوئے میٹروپولیٹن کارپوریشن اور بلدیاتی اداروں میں مفت انٹرنیٹ کی سہولت ختم کر دی ہے۔

بزدار سرکار سابق دور کا عوامی مقامات اور سرکاری دفاتر میں مفت وائی فائی فراہم کرنے کا منصوبہ جاری رکھنے میں ناکام ہو گئی ہے۔ پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت نے میٹروپولیٹن کارپوریشن اور بلدیاتی اداروں میں مفت انٹرنیٹ کی سہولت ختم کر دی ہے۔

اس ضمن میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے متعلقہ اداروں کو ڈیوائسز سمیت دیگر مشینری کی واپسی کے لیے مراسلہ بھی جاری کر دیا ہے۔

میٹروپولیٹن کارپوریشن اور بلدیاتی اداروں میں مفت وائی فائی کی سہولت چِھن جانے پر شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ ایک اچھی سہولت تھی، نیٹ استعمال کر لیتے تھے کسی بھی قسم کی معلومات باآسانی مل جاتی تھیں۔

مسائل کے حل کیلئے سرکاری دفاتر کا رخ کرنے والے سائلین کا کہنا ہے کہ مفت وائی فائی سے متعلقہ محکمے اور افسروں بارے معلومات حاصل کرنے میں آسانی ہوتی تھی۔

ذرائع ہم نیوز کے مطابق شہر میں دو سو مقامات پر نصب انٹرنیٹ ڈیوائسز کے ذریعے بتیس لاکھ افراد جدید ٹیکنالوجی سے مستفید ہوتے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ فری وائی فائی منصوبہ ان کے لیے ایک سہولت ہے جسے بند نہیں ہونا چاہیے۔


متعلقہ خبریں