گزشتہ 24گھنٹوں میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ کتنے مریض سامنے آئے؟


ڈینگی مچھر سے پورا ملک متاثر ہورہا ہے ،گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور سے 300، خیبرپختونخوا سے 151 راولپنڈی سے 131 اور اسلام آباد سے 173نئے کیسز سامنے آگئے ۔

جنوبی پنجاب کے ضلع خانیوال میں بھی ڈینگی کا مرض پھیل گیا ۔ چند روز کے اندر 65 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی ۔

حالیہ دنوں میں ملک بھر میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3 ہزار 327 ہوگئی ہے ۔ پنجاب میں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں ڈینگی لاروے کی ہنگامی سرویلنس کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

چھوٹے سے مچھر نے ملک بھر میں شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے، پنجاب میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 300 سے زائد شہری ڈینگی وائرس کا شکار ہوگئے۔اولپنڈی میں 121 اور اسلام آباد میں 173 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔

جھنگ اور لاہور سے چار، فیصل آباد سے تین، ملتان، گوجرانوالہ، لیہ ، بہاولپور ، گجرات اور وہاڑی سے دو دو جبکہ قصور، خانیوال، منڈی بہاؤ الدین، نارروال اور شیخوپورہ سے ڈینگی کا ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ۔

پنجاب بھر میں رواں برس ڈینگی کے مریضوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 12 تک پہنچ گئی ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے محکمہ صحت کو صوبہ بھر میں ڈینگی لاروا کی ہنگامی سرویلنس کی ہدایت کردی ہے۔

انہوں نے کہا سرکاری ونجی عمارتوں ، ٹائرشاپس، قبرستانوں اور دیگر مقامات سے ڈینگی کا لاروا تلاش کرکے اسے تلف کیا جائے ۔

جھنگ میں ڈینگی لاروے کی سرویلنس کے لیے چھاپے مارے گئے ، مختلف مقامات پر ڈینگی کا لاروا تلف کردیا گیا۔ چھاپوں کے دوران چھ افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے ، ایک کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔

خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے وار مسلسل جاری ہیں ۔ مزید 151 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی ۔پشاور میں سب سے زیادہ 112 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے ۔

ایبٹ آباد سے 10, بٹ گرام ،ہری پور اور بونیر سے چھ ، چھ کوہستان، مانسہرہ اور صوابی سے پانچ پانچ اور ڈی آئی خان سے ڈینگی کے دو کیسزرپورٹ ہوئے،مردان اور لکی مروت میں بھی ایک ایک فرد ڈینگی وائرس کا شکار ہوا ۔خیبرپختون خوا میں ڈینگی مریضوں کی مجموعی تعداد 1801تک پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ڈاکٹر یاسمین راشد نے ڈینگی کے خاتمے کیلئے سابق ن لیگی وزیر سے مدد مانگ لی


متعلقہ خبریں