او جی ڈی سی ایل کے منافع میں 50 فیصد اضافہ

او جی ڈی سی ایل کے منافع میں 50 فیصد اضافہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کو مالی سال 2019 میں گزشتہ سال کی نسبت 50 فیصد زیادہ منافع حاصل ہوا۔

او جی ڈی سی ایل کے مالیاتی اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2019 کے دوران کمپنی نے ریکارڈ ایک لاکھ 18 ہزار 386 ملین روپے خالص منافع حاصل کیا اور فی شیئر آمدنی 27.53 روپے رہی۔

جون کی سہ ماہی میں کمپنی نے 33 ہزار 74 ملین روپے خالص منافع حاصل کیا اور جون کی سہ ماہی میں فی شیئر آمدنی 7.69 روپے رہی۔ اسی طرح آخری سہ ماہی میں کمپنی نے 2.50 روپے فی شیئر عبوری منافع دینے کا اعلان بھی کیا۔

اس سہ ماہی میں محصولات 69 ہزار 434 ملین روپے رہے اور اس دوران 7 فیصد جبکہ سالانہ 20 فیصد اضافہ ہوا۔

او جی ڈی سی ایل نے مالی سال 2020-2019 کی پہلی سہ ماہی میں ہائیڈرو کاربن کی 3 دریافتیں کیں۔ گیس اور تیل کی مجموعی پیداوار میں 22.23 ایم ایم ایس سی ایف ڈی اور 836 بیرل یومیہ اضافہ ہوا۔

کمپنی کے حصص 50 فیصد، ماڑی پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ 33.33 فیصد اور سیف انرجی لمیٹڈ کے حصص 16.67 فیصد ہیں۔

23 جولائی 2019 کو ضلع کوہاٹ میں ٹوگ ویل نمبر 1 پر پہلی دریافت ہوئی جہاں سے یومیہ 12.7 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس اور 240 بیرل کنڈنسیٹ حاصل ہو گا۔

23 اگست 2019 کو چندہ ویل نمبر 5 ضلع کوہاٹ میں دوسری دریافت ہوئی جہاں سے یومیہ 0.512 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس اور 76 بیرل خام تیل حاصل ہو گا۔ خیبرپختونخوا میں ہائیڈرو کاربن کی یہ ورگل فارمیشن میں پہلی دریافت ہے اور پیداوار کے حجم اور ذخائر میں اضافے کا قوی امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں اقتصادی عدم توازن کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوا، گورنر اسٹیٹ بینک

یکم ستمبر 2019 کو پانڈی ویل نمبر 1 صوبہ سندھ ضلع سانگھڑ میں تیسری دریافت ہوئی جہاں سے یومیہ 9.12 ایم ایم ایس سی ایف گیس اور 520 بیرل کنڈنسیٹ حاصل ہو گا۔


متعلقہ خبریں